ممتاز مبلغ اسلام ڈاکٹر ذاکر نائیک اسلام آباد پہنچ گئے۔ ڈاکٹر ذاکر نائیک پہلی مرتبہ حکومت پاکستان کی دعوت پر سرکاری دورے پر پاکستان آئے ہیں ، وہ کراچی ، لاہور اور اسلام آباد میں مختلف عوامی اجتماعات میں دین اسلام کے مختلف موضوعات ، بین المذاہب ہم آہنگی اور مسلم امہ کو درپیش چیلنجز اور انکے حل کے حوالے سے خصوصی لیکچرز دیں گے ۔ اجتماعات میں سوال و جواب کے خصوصی سیشنز بھی ہونگے۔ دورے کے دوران ڈاکٹر ذاکر نائیک کی مختلف شخصیات سے ملاقاتیں بھی شیڈول میں شامل ہیں۔
ڈاکٹر ذاکر نائیک کے آفیشل پیچ پر جاری شیڈول کے مطابق ان کے بیٹے شیخ فارق نائیک بھی انکے ہمراہ عوامی اجتماعات سے خطاب کریں گے ۔ ڈاکٹر ذاکر نائیک کا پہلا خطاب کراچی کے صنعتی علاقے سائیٹ میں واقع معروف دینی درس گاہ جامعہ بنوریہ العالمیہ میں دو اکتوبر کو شیڈول ہے۔
کراچی میں مصروفیات
ترجمان جامعہ بنوریہ کے مطابق ڈاکٹر ذاکر جامعہ بنوریہ میں نائب رئیس مولانا فرحان نعیم و دیگر اساتذہ ، معزز شخصیات سے ملاقاتیں اور جامعہ کے طلبہ اور اساتذہ سے خطاب کریں گے، جامعہ بنوریہ کی جانب سے انکے سوشل میڈیا پیج پر جاری دعوت نامے میں عام افراد کو اس تقریب میں شرکت کی رجسٹریشن کے لئے واٹس ایپ نمبر بھی فراہم کیا گیا ہے ، جبکہ خواتین کے لئے علیحدہ انتظام کا اعلان کیا گیا ہے ۔
کراچی میں ڈاکٹر ذاکر نائیک کا پہلا عوامی اجتماع مزار قائد کے سامنے باغ جناح میں ہفتہ 5 اکتوبرکو شام 7 بجے منعقد ہو گا جہاں پہلا خطاب ڈاکٹر ذاکر نائیک کے بیٹے شیخ فارق کریں گے، ان کی تقریر کا مضوع ‘ کیا قران کو سمجھ کر پڑھنا ضروری ہے’ جبکہ دوسرا خطاب ڈاکٹر ذاکر نائیک کا شیڈول ہے ۔ ان کی تقریر کا موضوع ‘ہماری زندگی کا مقصدر کیا ہے’ رکھا گیا ہے ۔
اتوار 6 اکتوبر کو باغ جناح کراچی میں عوامی اجتماع کے دوسرے روز شیخ فارق نائیک کی تقریر کا موضوع ‘اسلام کے بارے میں غلط فہمیاں ‘ ہے جبکہ ڈاکٹر ذاکر نائیک دوسرے دن کے عوامی اجتماع میں شرکاء کے سوالوں کے جواب دیں گے۔
لاہورمیں مصروفیات
کراچی کے بعد ڈاکٹر ذاکر نائیک اور انکے بیٹے کا پڑاؤ لاہور میں ہو گا جہاں وہ مینار پاکستان پر عوامی اجتماعات سے خطاب کریں گے۔
شیڈول کے مطابق مینار پاکستان پر پہلے روز 12 اکتوبر کی شام 6 بجے ہونے والے عوامی اجتماع میں شیخ فارق نائیک ‘ دعوت یا ہلاکت’ کے موضوع پر خطاب کریں گے جبکہ ڈاکٹر ذاکر نائیک کی تقریر کا عنوان ‘ قران عالمی ضرورت’ ہے۔ 13 اکتوبر اتوار کو شیخ فارق نائیک کی تقریر کا موضوع ‘ مذہب کا درست تناظر’ ہے جبکہ ڈاکٹر ذاکر نائیک سوال و جواب کی کھلی نشست میں شرکاء کے سوالات کا جواب دیں گے۔
اسلام آباد میں مصروفیات
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں ڈاکٹر ذاکر نائیک اور انکے بیٹے شیخ فارق کے اجتماعات 19 اور 20 اکتوبر کو جناح اسٹیڈیم اسپورٹس کمپلکس میں شام 6 بجے شیڈول ہیں۔
پہلے روز شیخ فارق نائیک کی گفتگو کا موضوع ‘ اسلام انسانیت کے لئے رحمت یا زحمت’ اور دوسرے روز کی تقریر کا موضوع ‘اسلام اور عیسائیت میں مماثلت ‘ ہے ۔ ڈاکٹر ذاکر نائیک اسلام آباد میں پہلے روز ‘ مسلمان پروفیشنلز کی ذمہ داریوں’ پر لیکچر دیں گے جبکہ دوسرے دن کے عوامی اجتماع سے ‘دعوت کی تاریخ’ ان کا موضوع گفتگو ہوگا۔
دورہ پاکستان کے موقع پر شیخ فارق نائیک لاہور کی بادشاہی مسجد اور اسلام آباد کی شاہ فیصل مسجد میں جمعہ کے اجتماعات سے بھی خطاب کریں گے۔ لاہور میں جمعہ 11 اکتوبرکو انکی تقریر کا موضوع ‘ قیام الیل کی اہمیت’ جبکہ اسلام آباد کی شاہ فیصل مسجد میں انکے خطبہ جمعہ کا موضوع ‘جنت مسلمانوں کا آخری مقام ‘ ہے۔
عوامی اجتماعات میں تمام عقائد اور مذاہب سے تعلق رکھنے والوں کو شرکت کی دعوت دی گئی ہے ۔اجتماعات میں خواتین کے لئے علیحدہ نشست کا اہتمام بھی کیا گیا گیا ہے۔ اجتماعات پیس ٹی وی پر براہ راست نشر کئے جائیں گے۔