جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے رن وے کی اپ گریڈیشن کا کام تیزی سے جاری ہے جسکے بعد دنیا کا سب سے بڑا مسافر بردار طیارہ ایئر بس اے 380 جلد ہی کراچی ائر پورٹ پر لینڈ کر سکے گا۔ ۔آٹھ ارب روپے سے زائد لاگت کے اس منصوبے میں مرکزی رن وے کی نئے سرے سے تعمیر اور توسیع شامل ہے۔
اپگریڈیشن کے بعد کراچی ایئرپورٹ بین الاقوامی معیار کے مطابق "ایف فور "کیٹیگری کا ہوائی اڈہ اور بین الاقوامی فضائی نیٹ ورک کا ایک اہم مرکز بن جائے گا۔ جہاں اے 380 طیارے آسانی سے اتر سکیں گے اور اڑان بھر سکیں گے۔
رن وے کی اپگریڈیشن کے بعد مسافروں کوکئی سہولتیں میسر آئیں گی، جن میں کم قیمت ٹکٹ، زیادہ براہِ راست پروازیں، مزید آرام دہ سفر اورتیز ترین سفری سہولیات شامل ہیں۔ اس کے علاوہ کراچی سے یورپ، امریکہ، مشرق وسطیٰ اور آسٹریلیا کے لیے براہ راست پروازوں کے امکانات بھی روشن ہو جائیں گے۔‘
اس طیارے میں زیادہ سامان لے جانے کی سہولت ہوگی، جس سے مسافروں کے اضافی بیگیج کے مسائل کم ہوں گے۔ ہوائی اڈے کے انفراسٹرکچر کو جدید بنانے سے چیکنگ، امیگریشن اور سامان کی ہینڈلنگ جیسے مراحل مزید تیز اور آسان ہو جائیں گے۔
ایئربس اے 380 دنیا کے بڑے مسافر بردارطیاروں میں شامل ہے۔ جو 72.7 میٹر لمبا اوراسکا وِنگ اسپین 79.75 میٹر تک ہے ،جہاز کو ٹیک آف کے لئے تقریباً 3 ہزار میٹرجبکہ لینڈنگ کے لیے 28 سو میٹرطویل رن وے کی ضرورت ہو تی ہے ۔
ترجمان پی آئی اے کے مطابق منصوبے کی تکمیل جنوری 2026 تک متوقع ہے تاہم ایسا نہیں کہ رن وے بنتے ہی بڑے طیارے کراچی اترنا شروع کردیں ، ترجمان پاکستان ایئر پورٹس اتھارٹی کے مطابق اس پراسیس میں بہت سی باریکیاں ہیں جن میں ایئر سروس ایگریمنٹ سمیت دیگر معاملات شامل ہیں۔
تاہم اگر سب کچھ منصوبے کے مطابق رہا تو اگلے چند برسوں میں کراچی ایئرپورٹ جنوبی ایشیا کے جدید ترین ہوائی اڈوں میں شامل ہو سکتا ہے۔