"بھارت نے چیمپیئنز ٹرافی جیت لی” ، جے شاہ کا 8 ماہ پرانا دعویٰ درست ثابت ہوا

روہت شرما کی کپتانی میں بھارت نے ایک بار پھر چیمپیئنزٹرافی کا ٹائیٹل جیت لیا۔ بھارتی ٹیم سب سے زیادہ 3 مرتبہ چیمپیئنزٹرافی کے ٹائیٹل جیتنے والی ٹیم بن گئی۔ بھارتی ٹیم تو آج چیمپیئن بن گئی لیکن جے شاہ نے تو یہ بات 8 ماہ پہلے ہی بتادی تھی۔ جے شاہ نے کیا کہا تھا اسکے لئے آئیے تھوڑا ماضی میں چلتے ہیں۔۔۔

یہ بات ہے جولائی 2024 کی اور اس وقت بھارتی ٹیم ٹی ٹوئنٹی کا ورلڈکپ جیتی تھی۔ روہت شرما اور ویرات کوہلی ریٹائرمنٹ لے چکے تھے اور روہت شرما کی ون ڈے ٹیم کی کپتانی پر سوالات اٹھ رہے تھے۔

جے شاہ جو اِس وقت آئی سی سی کےچیئرمین ہیں اسُ وقت بھارتی بورڈ کے سیکریٹری کی کرسی پر براجمان تھے۔ 7 جولائی 2024 کو بھارتی بورڈ کی جانب سے جے شاہ کا ایک بیان جاری ہوا جس میں انہوں نے روہت شرما کو ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ جیتنے کی مبارکباد دیتے ہوئے اس بات کا بھی اعلان کردیا تھا کہ ون ڈے اور ٹیسٹ میں روہت شرما قیادت جاری رکھیں گے۔

جے شاہ نے ساتھ ہی یہ بھی بیان تھا کہ بھارتی ٹیم روہت شرما کی کپتانی میں نہ صرف ورلڈٹیسٹ چیمپیئن شپ جیتے گی بلکہ پاکستانی کی میزبانی میں چیمپیئنزٹرافی بھی اپنے نام کرے گی۔

وقت گزرا اور چیمپیئنزٹرافی جیسے جیسے قریب آئی۔ پاکستان میں ہونے والی چیمپیئنزٹرافی میں بھارتی بورڈ نے رکاوٹیں ڈالنا شروع کردیں اور بلاآخر بھارتی ٹیم کے میچز دبئی منتقل ہوگئے اسی دوران جے شاہ نے آئی سی سی کی چیئرمین شپ بھی سنبھالی۔

ایونٹ کے دوران تمام ٹیمیں ایک شہر سے دوسرے شہر سفر کرتی رہیں یہاں تک میزبان پاکستان کو بھی اپنا میچ کھیلنے کیلئے دبئی آنا پڑا۔ وہیں بھارتی ٹیم پورے ٹورنامنٹ کے دوران صرف دبئی میں ہی قیام پذیر رہی۔

آئی سی سی سربراہ ہونے کے باوجود جے شاہ اسٹیڈیم میں بھارتی ٹیم کے میچز کے دوران جشن مناتے نظر آئے۔ سوشل میڈیا پر جہاں تنقید ہوتی رہی وہیں جے شاہ کی بھارتی ٹیم کیلئے سپورٹ بھی کسی سے ڈھکی چھپی نہیں۔

چیمپیئنزٹرافی کے دوران بھارتی صحافی، بھارتی بورڈ کے نائب صدر راجیو شکلا پاکستان آئے، یہاں کی مہمان نوازی سے لطف اندوز ہوئے۔ لیکن ویزے نہ ملنے کے باعث پاکستانی شہری دبئی جانے سے محروم رہے۔

کبھی پاکستان میں بھارتی پرچم کا نہ لہرانا تو کبھی بھارت کے میچ میں لوگو پر پاکستان کا نام درج نہ ہونا تو کبھی قذافی اسٹیڈیم میں بھارت کا میچ نہ ہونے کے باوجود بھارتی ٹیم کا ترانہ چل جانا۔ چیمپیئنز ٹرافی میں ایسے ہی کئی تنازعات ہوئے جو خبروں کی زینت بنے۔

بھارتی ٹیم نے ٹورنامنٹ میں بہترین کھیل پیش کیا یا اسے غیرضروری ایڈوانٹج فراہم کیا گیا۔ اس پر تبصرے اور بحث تو چلتی رہے گی لیکن حقیقت یہی ہے کہ بھارت چیمپیئنزٹرافی کا چیمپیئن بن گیا۔

Spread the love
جواب دیں
Related Posts