اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے ملک کے قانون ساز اداروں کے بہترین مفاد کے پیش نظر تمام وفاقی اور پارلیمانی قانون ساز اداروں کی تنظیم بنانے کی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے کہاہے کہ قانون ساز اداروں کے اراکین کے مابین قریبی رابطوں سے پولورائزیشن کا خاتمہ ممکن ہے۔یہ بات انہوں نے بدھ (11 دسمبر) کو اسلام آباد پارلمینٹ ہائوس میں قومی و صوبائی اسمبلیوں کی سیکریٹریز کانفرنس سے خطاب میں کہی۔
سیکرٹریز کانفرنس میں سیکرٹری قومی اسمبلی طاہر حسین، سیکرٹری سندھ اسمبلی غلام محمد عمر فاروق، سیکرٹری گلگت بلتستان اسمبلی عبدالرزاق، سیکرٹری پنجاب اسمبلی چوہدری عامر حبیب، سیکرٹری بلوچستان اسمبلی طاہر شاہ کاکڑ، سیکرٹری خیبرپختونخواہ اسمبلی کیفت اللہ خان آفریدی، سیکرٹری آزاد جموں کشمیر اسمبلی چوہدری بشارت حسین اور تمام سیکریٹریز کے معاونین نے شرکت کی۔
اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کانفرنس میں خصوصی شرکت کی اور چاروں صوبائی اسمبلیوں، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان اسمبلی کے سیکریٹریز کے پارلیمنٹ ہاؤس میں آمد پر خوش آمدید کرتے ہوئے 18 ویں اسپیکر کانفرنس کے سلسلے میں منعقدہ سیکرٹریز کانفرنس کے انعقاد کو خوش آئند قرار دیا اور کہاکہ ہمیں ایک دوسرے سے قریبی رابطوں کو فروغ دے کر ایک دوسرے کے تجربات سے سیکھنے کا موقع ملے گا۔ ہمیں ایک دوسرے کے قوائد و ضوابط کا مطالعہ کر کے ان میں سے بہترین تجربات کو اپنانا چاہیے۔