الیکشن کمیشن نے سندھ کے 26 اضلاع میں بلدیاتی اداروں کی مختلف کیٹگری کی نشستوں پر ضمنی انتخابات کے لئے امیدواروں کی فہرست جاری کردی ہے، 77 نشستوں میں سے 42 نشستوں کے ضمنی انتخابات 14 نومبر کو ہونگے، 31 نشستوں پر امیدوار بلامقابلہ کامیاب، جبکہ 3 نشستیں پھر خالی رہیں۔
الیکشن کمیشن کے جاری بیان کے مطابق صوبہ سندھ کے 26 اضلاع جیکب آباد، شکار پور ، لاڑکانہ، قمبر شہداد کوٹ، گھوٹکی، سکھر، نوشهر و فیروز ، شہید بینظیر آباد، میر پور خاص، مٹیاری، ٹنڈو الہیار ، حیدرآباد، ٹنڈو محمد خان، ٹھٹہ ، ملیر، کورنگی کراچی، کراچی غربی، کراچی جنوبی ، کراچی وسطی اور کیماڑی میں 77 نشستوں پر ضمنی انتخابات ہونے تھے۔ کاغذات نامزدگی 74 نشستوں کے لئے جمع، جن میں سے 31 نشستوں پر امیدوار بلامقابلہ کامیاب ہوگئے، 4 نشستیں کاغذات نامزدگی جمع نہ ہونے یا کاغذات مسترد ہونے کی وجہ سے خالی رہ گئی اور اب 14 نومبر کو 42 نشستوں پر امید واروں کا مقابلہ ہو گا۔ بلامقابلہ امیدواروں میں 9 چیئر مین ، 6 وائس چیئر مین ، 8 ممبر ڈسٹرکٹ کونسل ، 8 جنرل وارڈ کونسلرز شامل ہیں۔ 42 نشستوں پر ضمنی الیکشن شیڈول کے مطابق 14 نومبر 2024 کو الیکشن ہونگے۔
الیکشن کمیشن کے مطابق نے سندھ میں مختلف بلدیاتی اداروں کی مختلف کیٹگری کی 77 خالی نشستوں میں سے 22 یوسی چیئرمین ، 15 وائس چیئرمین ، 29 جنرل وارڈ کونسلرز اور 11 نشستیں ڈسٹرکٹ کونسلرز کی ہیں۔ کراچی میں مجموعی طور پر 10 بلدیاتی نشستوں پر ضمنی انتخاب ہونگے ۔ جن میں سے 4 چیئرمین ، 2 وائس چیئرمین اور 4 وارڈ کونسلر زکی نشستیں شامل ہیں۔ الیکشن کمیشن کے مطابق صوبہ بھر میں یہ نشستیں منتخب نمائندوں کے انتقال یا استعفوں کی وجہ سے خالی ہوئی ہیں۔
کراچی کے مختلف اضلاع کی 10 خالی نشستوں میں ضلع ملیر کے ملیر ٹائون کی یونین کمیٹی نمبر 9 میں چیئرمین اور ابراہیم حیدری ٹائون کی یونین کمیٹی نمبر 7 میں وارڈ نمبر 4 ، ضلع کورنگی کے کورنگی ٹائون کی یونین کمیٹی نمبر 7 میں وارڈ نمبر 1 ، ماڈل ٹائون کی یونین کمیٹی نمبر 7 میں چیئرمین اورلانڈھی ٹائون کی یونین کمیٹی نمبر 6 میں وائس چیئرمین ، ضلع غربی کے منگھو پیر ٹائون کی یونین کمیٹی نمبر 5 میں وارڈ نمبر4 ، ضلع جنوبی کے صدر ٹائون کی یونین کمیٹی نمبر 13 میں چیئرمین ، ضلع وسطی کے لیاقت آباد ٹائون کی یونین کمیٹی نمبر 7 میں چیئرمین اور گلبر ٹائون کی یونین کمیٹی نمبر 5 میں وائس چیئرمین اور ضلع کیماڑی کے بلدیہ ٹائون کی یونین کمیٹی نمبر 10 میں وارڈ نمبر 4 میں کونسلر کی نشست ہے ۔