قومی شناختی کارڈ ، ضروری معلومات اور تیرہ منفرد ہندسوں پر مشتمل ایک اہم دستاویز ہے جو ہر پاکستانی شہری کو اٹھارہ سال کی عمر میں جاری کیا جاتا ہے، اس پر موجود منفرد نمبر ہر شہری کے لئے الگ ہوتا ہے اور کبھی کسی اور شہری کو نہیں دیا جاتا۔
یہ دستاویز ووٹ ڈالنے ، سم کی رجسٹریشن، بینک اکاونٹ کھولنے، ملک اور بیرون ملک سفر، حکومتی سہولیات کے حصول اور وراثت میں حصے سمیت دیگر اہم قانونی اور معاشرتی معاملات کے لئے نہایت ضروری ہے۔
فارم جمع کرنےکا طریقہ کار
فارم جمع کرانے کے لئے والد، والدہ یا 18سال سے ذائدعمر کے بھائی بہن جن کا قومی شناختی کارڈ بنا ہوا ہو انکے ہمراہ نادرا آفس جائیں
آپ کو ایک ٹوکن جاری کیا جائے گا۔ باری آنے کے بعد کاونٹر پر آپ کی تصویر ،انگلیوں کے نشانات اور دستخط لئے جائیں گے۔
اسکے بعد ڈیوٹی پر موجود شخص آپکے والدین کا شناختی کارڈ نمبر ، تاریخ پیدائش، جنس ، موجودہ و مستقل پتہ ، تعلیم اور موبائل نمبر کمپیوٹر پر درج کر ے گا ، جسکے بعد فارم پرنٹ کر کے آپکے حوالے کیا جائے گا ۔
ضروری دستاویزات
اپنے ہمراہ نادرا کا ب فارم یا اسکی غیر موجودگی میں یونین کونسل سے حاصل کردہ کمپیوٹرائزڈ پیدائش کا سرٹیفیکیٹ اپنے ہمراہ لازمی لے کر جائیں ۔یہ دستاویزات نادرا آفس میں موجود اہلکار دیکھ کر آپ کو واپس کر دے گا۔
درخواست فارم کی تصدیق
والد ، والدہ ، بہن یا بھائی جو بھی آپ کے ہمراہ نادرا آفس گیا ہو ، موقع پر ہی انکی بائیو میٹرک تصدیق کی جائے گی اور اسکے بعد درخواست فارم کی مذید کسی قسم کی تصدیق کرانے کی ضرورت نہیں ہو گی۔
دوسری صورت میں آپ اپنا فارم کسی گزیٹیڈ آفیسر سے تصدیق کرواکر نادرا آفس میں واپس جمع کرادیں۔
فیس اور ڈیلیوری
پہلی بار بنایا جانے والا شناختی کارڈ نارمل کیٹیگری میں ہی بنے گا بغیرچپ والے کارڈ کی کوئی فیس ادا نہیں کرنی ہو گی جبکہ اسمارٹ کارڈ کے لئے فیس 750 روپے ہے ،،دونوں صورتوں میں شناختی کارڈ کی ڈیلیوری 31 دن میں ہو گی۔ آپ رقم کی ادائیگی نقد، کریڈٹ کارڈ ،جیز کیش یا پھر ایزی پیسہ کے زریعہ کر سکتے ہیں۔
نادرا قوانین کے مطابق اٹھارہ برس کی عمر ہونے کے بعد تین ماہ کے اندر قومی شناختی کارڈ بنانا ضروری ہے بلاوجہ تاخیر کی صورت میں آپ کے خلاف قانونی کاروائی یا جرمانہ بھی ہو سکتا ہے