Search
Close this search box.

ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں پاک بھارت مقابلوں کی تاریخ، انفرادی کارکردگی میں کون نمایاں؟

ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے سب سے بڑے مقابلے کی گھڑیاں قریب آگئیں۔ پاکستان اور بھارت کے ٹیموں کے درمیان نیویارک میں میدان سجے گا لیکن شاہینوں کے لئے یہ میچ اس ورلڈکپ میں بقا کی جنگ بھی بن گیا۔

ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں 2024 میں پاکستانی ٹیم امریکا کے خلاف پہلا میچ ہار گئی اور اب شاہینوں کو سورماؤں کا چیلنج درپیش ہے اور اس میچ میں بھی شکست ہوئی تو گرین شرٹس کی گروپ مرحلے سے ہی واپسی تقریباً یقینی ہوجائے گی۔

پاکستان کا مایوس کن ریکارڈ

بھارت کے خلاف عالمی مقابلوں میں پاکستان کا ریکارڈ پہلے ہی انتہائی مایوس کن ہے۔ مجموعی طور پر بھی ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ میں قومی ٹیم بھارت کے خلاف مشکلات کا شکار ہی نظر آتی ہے۔

ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے اب تک 8 ایڈیشن کھیلے جاچکے ہیں۔ ان 8 ایڈیشن میں 7 پاک بھارت میچز کھیلے جاچکے ہیں۔ 2007 کے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں 2 مرتبہ روایتی حریفوں میں میدان سجا۔ جبکہ 2009 اور 2010 کے ایونٹ میں پاک بھارت میچ نہیں ہوسکا تھا۔

ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں پاکستان اور بھارت کے درمیان کھیلے گئے 7 میں سے 5 میچز بھارت نے جیتے۔ ایک میچ میں قومی ٹیم کامیاب ہوئی۔ ایک میچ ٹائی جسکے بعد بال آؤٹ پر بھارت نے وہ میچ جیتا تھا۔

بھارت کے خلاف پاکستان کی واحد کامیابی

پاکستان نے عالمی مقابلوں میں بھارت کے خلاف واحد کامیابی 2021 کے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں حاصل کی تھی۔ اس میچ میں پاکستان نے روایتی حریف کو 10 وکٹوں سے مات دی تھی۔

مجموعی طور پر پاکستان اور بھارت کے درمیان 12 ٹی ٹوئنٹی میچ کھیلے جاچکے ہیں۔ بھارتی ٹیم نے 8 میں کامیابی حاصل کی۔ گرین شرٹس 3 میچز میں ہی فتح کا جھنڈا لہراسکے۔ ایک میچ ٹائی ہوا تھا۔

ٹی ٹوئنٹی میں بھارت کا پاکستان کے خلاف زیادہ سے زیادہ اسکور 5 وکٹوں پر 192 رنز ہے۔ جبکہ پاکستان نے بھارت کے خلاف زیادہ سے زیادہ 5 وکٹوں پر 182 رنز ہی بنائے ہیں۔

سب سے کامیاب بلے باز کون؟

بھارتی ٹیم میں شامل مایہ ناز بلے باز ویرات کوہلی پاکستانی ٹیم کے لئے ہمیشہ ہی چٹان ثابت ہوئے۔ پاک بھارت ٹی ٹوئنٹی مقابلوں میں ویرات کوہلی سب سے زیادہ رنز بنانے والے بلے باز ہیں۔

ویرات کوہلی کے پاکستان کے خلاف 10 میچز میں 488 رنز ہیں جس میں 5 نصف سینچریاں شامل ہیں۔ کوہلی کی پاکستان کے خلاف اوسط 81.33 کی ہے۔

ویرات کوہلی 2012، 2016 اور 2022 کے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں ہونے والے میچز کے پلیئر آف دا میچ رہے تھے۔ 2022 میں تو ویرات کوہلی نے تقریباً ہارا ہوا میچ ہی بھارت کو جتوایا تھا۔

دوسری جانب پاکستان کے کامیاب بلے بازوں پر نظرڈالی جائے تو محمدرضوان نمایاں ہیں۔ رضوان کے 4 میچز میں 197 رنز ہیں جس میں 2 نصف سینچریاں بھی شامل ہیں۔

ریکارڈز کے انبار لگانے والے بابراعظم کا ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ میں بھارت کے خلاف ریکارڈ مایوس کن ہے۔ بابراعظم نے 4 میچز میں 92 رنز بنائے ہیں اور ان 92 میں سے 68 رنز تو صرف ایک میچ کے ہیں۔

سب سے کامیاب باؤلر کون؟

باؤلرز میں بھارت کے خلاف پاکستان کے عمرگل کامیاب ترین باؤلر ہیں جنہوں نے 6 میچز میں 11 وکٹیں حاصل کی ہیں دوسری جانب بھارت کی جانب سے پاکستان کے خلاف سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے باؤلر بھونیشور کمار اور ہاردک پانڈیا ہیں۔ ان دونوں کی بھی 11، 11 وکٹیں ہیں لیکن بھوونیشور کمار نے یہ 11 وکٹیں 7 میچز جبکہ ہاردک پانڈیا نے 6 میچز میں حاصل کی ہیں۔

جواب دیں

اقسام

رابطہ کی معلومات

ہمیں فالو کریں