کراچی سمیت ملک کے بیشتر شہر ان دنوں شدید گرمی کی لپیٹ میں ہیں۔ کراچی میں گزشتہ 10 دنوں میں ہیٹ ویو سے متاثر ہوکر 100 سے زائد مریض اسپتالوں میں لائے گئے ہیں۔
ڈان نیوز کی رپورٹ کے مطابق انچارج ہیٹ اسٹروک ڈاکٹر عرفان صدیقی نے بتایا ہے کہ جناح اسپتال کراچی میں گزشتہ 10 روز میں 80 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں، جب کہ سول اسپتال کراچی میں 50 سے زائد مریض لائے جاچکے ہیں۔
ڈاکٹر عرفان صدیقی کے مطابق شہر میں گرمی کی شدت میں اضافے کے باعث گیسٹرو کے کیسز بھی بڑھ رہے ہیں۔ گزشتہ روز گیسٹرو کے 30 سے زائد کیسز رپورٹ ہوئے، جب کہ یہ کیسز دن 12 بجے سے شام 5 بجے کے درمیان رپورٹ ہوتے ہیں۔
ڈاکٹر عرفان صدیقی نے مزید کہا کہ زیادہ تر مریض مزدور طبقہ ہے یا پھر آؤٹ ڈور کام کرنے والے ہیں۔ ڈاکٹر نے شہریوں کو گرمی میں احتیاط کرنے کا مشورہ دیا ہے۔
واضح رہے کہ سندھ سمیت پاکستان بھر میں شدید گرمی کے پیش نظرمحکمہ موسمیات نے 19 مئی کو ہیٹ ویو الرٹ جاری کردیا تھا۔ کراچی میں ممکنہ ہیٹ ویو کے پیش نظر سرکاری اسپتالوں کی انتظامیہ اور طبی عملے کو متحرک رہنے کی ہدایت کی گئی تھیں، جب کہ اسپتالوں میں خصوصی ہیٹ اسٹروک وارڈز بھی قائم کردیے گئے تھے۔