محکمہ موسمیات نے کراچی میں گرمی کی شدت جون کے پہلے ہفتے تک برقرار رہنے کی پیشگوئی کی ہے۔ شہر میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت سے متعلق بھی محکمہ موسمیات نے آگاہ کیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز نے میڈیا کو ایک انٹرویو میں بتایا ہے کہ کراچی میں مئی کے مہینے میں درجہ حرارت 40 ڈگری سینٹی گریڈ سے زائد ہونے کا امکان نہیں ہے۔
محکمہ موسمیات کے چیف کے مطابق کراچی میں رواں ماہ درجہ حرارت 39 ڈگری سینٹی گریڈ تک جاسکتا ہے۔ محسوس کئے جانے والا درجہ حرارت زیادہ ہوسکتا ہے اور اسکی شدت 43 سے 44 ڈگری تک محسوس کی جاسکتی ہے۔
محکمہ موسمیات نے بتایا ہے کہ سندھ کے بالائی علاقوں میں ہیٹ ویو کی کیفیت ہے اور ان شہروں میں درجہ حرارت 50 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہ سکتا ہے۔
چیف میٹرولوجسٹ کے مطابق خلیج بنگال میں ہوا کا کم دباؤ کل تک ڈپریشن میں تبدیل ہوسکتا ہے، کم دباؤ ڈپریشن میں تبدیل ہوکر آئندہ آنے والے دنوں میں سمندری طوفان بن سکتاہے جب کہ خلیج بنگال میں موجود ہوا کے کم دباؤ کا پاکستان کے موسم پر کوئی اثر نہیں۔