کراچی کے ساحل سی ویو دو دریا میں آن لائن ٹیکسی ڈرائیور کی مبینہ خودکشی کا ڈراپ سین ہو گیا۔ سمندر میں کود کر خودکشی کا پیغام دینے والا نوجوان گھر کے قریب نیم بیہوشی کی حالت میں مل گیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق پولیس کا کہنا ہے کہ نوجوان طاہر شاہ فیصل میں گھر کے قریب سے بیہوشی کی حالت میں مل گیا، واقعے سے متعلق تفتیش شروع کر دی ہے۔
واضح رہے دو دریا پر کھڑے ہوکر طاہر نے گھر میں ویڈیو کال کی تھی اور آگاہ کیا تھا کہ میں خودکشی کرنے جارہا ہوں، جس کے بعد ریسکیو اداروں کی جانب سے لاش کی تلاش شروع کی گئی، تاہم بدھ کو نوجوان کی مبینہ خودکشی کا ڈراپ سین ہوگیا۔
قریبی عزیز اسرار احمد کا کہنا ہے کہ طاہر محمود نے خودکشی نہیں کی تھی، نوجوان نیم بیہوشی کی حالت میں مل گیا، اس کے سسرال والوں نے کچھ دیر پہلے آگاہ کیا ہے۔
اسرار احمد نے بتایا کہ طاہر محمود نے شاید نشہ آور چیز کا استعمال کیا ہے۔ طاہر محمود رحیم یار خان کا رہنے والا اور دو شادیاں کر رکھی ہیں، ایک شادی آبائی علاقے میں اور دوسری کراچی میں کی تھی۔