Search
Close this search box.

ایف بی آر کا ملک بھر میں رواں ماہ ہی 5 لاکھ نان فائلرز کی موبائل سمیں بلاک کرنے کا فیصلہ

فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے ملک بھر میں ٹیکس جمع نہ کرانے والوں کی موبائل فون سمیں بلاک کرنے کا فیصلہ کرلیا۔ پہلے مرحلے میں 5 لاکھ سمیں بلاک کی جائیں گی۔

جیو نیوز کی رپورٹ کے مطابق ایف بی آر کی جانب سے اس سلسلے میں تمام تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں اور عید کی تعطیلات کے بعد انکم ٹیکس جنرل آرڈر جاری کردیا جائے گا۔

رپورٹ کے مطابق نان فائلرز اور انڈر فائلرز کے موبائل فونز کی 5 لاکھ سمیں بلاک کرنے کا فیصلہ ہوا ہے اور رواں ماہ ہی یہ سمیں بلاک کردی جائیں گی۔

رپورٹ کے مطابق ایف بی آر نے 20 لاکھ ممکنہ ٹیکس چوروں کی نشاندہی کرلی ہے لیکن موبائل کمپنیوں کی جانب سے فریاد کی گئی ہے کہ وہ اتنی بڑی تعداد کی سمز بلاک کرنے کی متحمل نہیں ہوسکتیں۔

ایف بی آر، پی ٹی اے اور ٹیلی کام آپریٹرز کے درمیان تفصیلی بات چیت کے بعد اس فیصلے کو حتمی شکل دی گئی ہے کہ پہلے مرحلے میں 5 لاکھ سمز کو بلاک کیا جائے گا تاکہ واضح پیغام دیا جا سکے کہ ایف بی آر ممکنہ ٹیکس چوروں کے خلاف کارروائی کے لیے سنجیدہ ہے۔

ایف بی آر کے پاس فون سمز بلاک کرنے اور ممکنہ ٹیکس چوروں کے بجلی اور گیس کے کنکشن جیسی دیگر یوٹیلٹی سروسز کو منقطع کرنے کے اختیارات ہیں۔

جواب دیں

اقسام

رابطہ کی معلومات

ہمیں فالو کریں