الیکشن کمیشن آف پاکستان کے مطابق سندھ سے خالی سینیٹ کی 2جنرل نشستوں کیلئے ضمنی انتخاب شیڈول کے مطابق 14 مارچ 2024 کو ہونگے۔
ضمنی انتخاب کے لیے تیاری مکمل کرلی گئی ہے، بدھ کو الیکشن کمیشن سندھ اسمبلی کا کنٹرول سنبھالیا ہے۔
دو نشستوں کے لیے 4 امیدوار میدان میں ہیں، جس میں پیپلز پارٹی کے جام سیف اللہ خان اور محمد اسلم ابڑو جبکہ سنی اتحاد کونسل کے نذیراللہ اور شازیہ سہیل شامل ہیں۔
سندھ اسمبلی بلڈنگ میں پولنگ صبح 9 بجے سے شام 4 بجے تک ہوگی، صوبائی الیکشن کمشنر آف سندھ شریف اللہ ریٹرننگ آفیسر کے طور پر خدمات سر انجام دیں گے۔
مجموعی طور پر 162 ممبران سندھ اسمبلی پر مشتمل ووٹرز فہرست ہے۔ جن میں سے 116 پیپلز پارٹی، 36 متحدہ قومی موومنٹ، 9 سنی اتحاد کونسل کے حمایت یافتہ آزاد اور ایک جماعت اسلامی کا ممبر ہے۔
ظاہری تعداد کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی 58، 58 ووٹ حاصل کرکے کامیاب ہونگے، سندھ اسمبلی میں اپوزیشن کے تمام ممبران کی تعداد 46 بنتی ہے۔
یاد رہے یہ دونوں نشستیں پیپلز پارٹی کے نثار احمد کھوڑو اور جام مہتاب حسین ڈھر کے رکن سندھ اسمبلی منتخب ہونے سے خالی ہوئی ہیں۔