پاکستان کرکٹ ٹیم اور پی ایس ایل میں لاہور قلندرز کی قیادت کرنے والے شاہین شاہ آفریدی نے بابراعظم کے ساتھ تعلق اور دیگر کھلاڑیوں کے بارے میں کھل کر اظہار خیال کیا۔
شاہین شاہ آفریدی نے بابراعظم سے متعلق کہا ہے کہ بابراعظم انکے بھائیوں کی طرح ہے۔ ٹیم کی باتیں باہر نہیں جانی چاہیں یہ اچھی بات نہیں ہوتی۔
لاہور قلندرز کے پوڈکاسٹ میں ثمین رانا کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے شاہین شاہ آفریدی نے بابراعظم سے تعلق اور انکے خلاف سوشل میڈیا پر ماضی میں چلنے والی مہم کو بے بنیاد قرار دیا۔
شاہین شاہ آفریدی نے کہا کہ بابراعظم انکے بھائیوں کی طرح ہے۔ بابراعظم اور محمدرضوان انکی طاقت ہیں۔ ان سے متعلق جو لوگ بھی نفرتیں پھیلاتے ہیں انکو جواب دینے کی انہیں ضرورت نہیں ہے۔
شاہین شاہ نے کہا کہ انہیں اور بابراعظم کو معلوم ہے کہ حقیقت کیا ہے۔ ٹیم میٹنگ میں جو بھی بات ہوتی ہے وہ ٹیم کی بہتری کیلئے ہوتی ہے۔ ہم دونوں کو معلوم ہے کہ پرفارمنس دیں گے تو پاکستان کا نام ہوگا اور ہمیں پاکستان سے کھیلنے کیلئے کوئی نہیں روک سکتا۔
شاہین شاہ آفریدی نے کہا کہ ہم اپنا بیسٹ دیں گے اور اپنے درمیان کبھی کسی تیسرے کو نہیں آنے دیں گے۔ ہمارا مقصد پاکستان کیلئے کھیلنا ہے اور ہمیں ہمارے مقصد سے کوئی جدا نہیں کرسکتا۔
ٹیم میٹنگ کی باتیں باہر آنے سے متعلق شاہین شاہ آفریدی نے کہا کہ ٹیم میٹنگ کی باتیں باہر نہیں آنی چاہیں، یہ اچھی بات نہیں ہوتی اور اسی سے ہی کھلاڑیوں کے درمیان تشنگی پیدا ہوتی ہے۔
شاہین شاہ آفریدی نے کہا کہ کچھ لوگ ٹی وی پر بیٹھ کر اٹیک کردیتے ہیں اور کچھ بھی بول دیتے ہیں انہیں تھوڑا خیال رکھنا چاہئے اور انہیں اس طرح سے اٹیک نہیں کرنا چاہئے۔
ماضی میں سوچنا بھی منع ہے ٹرینڈ کے بارے میں گفتگو کرتے ہوئے شاہین شاہ نے اعتراف کیا کہ ویسے تو وہ ہیش ٹیگ لاہور قلندرز کا ہیش ٹیگ تھا لیکن وہ بابراعظم کیلئے بھی تھا۔ بابراعظم نے پاکستان کی بہت اچھی کپتانی اور وہ سب کو ساتھ لے کر چلا ہے۔