بھارت سے اڑان بھرنے والا مسافر طیار افغانستان میں گر کر تباہ ہوگیا، ریسکیو ٹیم جائے حادثہ کی جانب روانہ کردی گئی جب کہ ہلاکتوں کا خدشہ ہے۔
افغان میڈیا کے مطابق روس جانے والا طیارہ افغانستان کے صوبہ بدخشاں کے پہاڑی علاقے میں گرا۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے ’رائٹرز‘ کے مطابق بدخشاں صوبے کی پولیس کے ترجمان نے کہا کہ انہیں طیارے کے گرنے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی نے بھی مقامی نشریاتی ادارے طلوع نیوز کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ طیارہ شمالی صوبہ بدخشاں میں گر کر تباہ ہوا۔
صوبائی محکمہ اطلاعات و ثقافت کے ایک عہدیدار ذبیح اللہ امیری نے بتایا کہ کران و منجان ضلع کے علاقے توپخانہ میں ٹیم کو جائے حادثہ کی جانب روانہ کیا گیا ہے۔
دوسری جانب روسی ایوی ایشن حکام کا بتانا ہے کہ روسی رجسٹرڈ طیارہ ہفتے کی شام کو افغانستان میں ریڈار سے غائب ہوا، فرانسیسی ساختہ ڈیسالٹ فالکن 10 جیٹ طیارے میں 6 افراد سوار تھے۔
روسی ایوی ایشن حکام کا کہنا ہے کہ حادثے کا شکار ہونے والا طیارہ ایک چارٹرڈ فلائٹ تھی، طیارہ بھارت سے ازبکستان کے راستے ماسکو جا رہا تھا، افغانستان اور تاجکستان کے حکام کے ساتھ رابطے میں ہیں۔