کراچی سمیت ملک کے مختلف شہروں میں آج سے 7 روزہ انسداد پولیو مہم کا آغاز

ملک بھر کے مختلف شہروں میں آج سے انسدادِ پولیو مہم کا آغاز ہو گیا۔ کراچی سمیت سندھ بھر میں آج سے 7 روزہ انسدادِ پولیو مہم کا آغاز کیا گیا ہے۔

محکمہ صحت سندھ کے ترجمان کے مطابق سندھ میں 1 کروڑ سے زائد بچوں کو قطرے پلانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے جبکہ انسدادِ پولیو مہم میں 80 ہزار سے زائد پولیو ورکرز اور سپر وائزرز حصہ لے رہے ہیں۔

ترجمان محکمہ صحت سندھ کے مطابق پولیو ورکرز کی سیکیورٹی کے لیے 5 ہزار 300 سے زائد پولیس اہلکار تعینات کیے گئے ہیں۔

نگراں وزیرِ صحت سندھ ڈاکٹر سعد خالد نیاز کا کہنا ہے کہ لوگوں کو اندازہ نہیں کہ پولیو ورکرز کتنی مشکلات سے اپنی ذمے داریاں انجام دیتے ہیں، عوام پولیو ورکرز کے ساتھ مہم چلانے میں بھرپور تعاون کریں۔

ڈاکٹر سعد خالد نیاز نے کراچی میں سچل میڈیکل سینٹر میں انسدادِ پولیو مہم کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے اُن کا کہنا ہے کہ ہم ایک بار پھر انسدادِ پولیو مہم کا آغاز کر رہے ہیں، پولیو ورکرز بہت محنت کر رہے ہیں۔

ڈاکٹر سعد خالد نیاز نے کہا کہ سندھ بھر میں انسداد پولیو مہم ایک ہفتے تک جاری رہے گی جس کے دوران 1 کروڑ سے زائد بچوں کو ویکسین دی جائے گی۔

انہوں نے مزید کہا ہے کہ اس سال پولیو کے 7 مثبت کیسز ملے جو افغانستان کے نمونوں سے ملتے جلتے ہیں، امید ہے کہ آئندہ ماحولیاتی نمونوں کے نتائج منفی آئیں گے، ہمارے مشترکہ تعاون سے پولیو جڑ سے ختم ہو سکے گا۔

Spread the love
جواب دیں
Related Posts