کراچی کی بولٹن مارکیٹ میں غیر قانونی اسمگل شدہ سامان کی موجودگی کی اطلاع پر کسٹم حکام نے چھاپے کے دوان 10 کروڑ روپے سے زائد مالیت کی غیر ملکی اسمگل شدہ سگریٹس اور دیگر سامان برآمد کر لیا۔
ایکسپریس نیوز کی رپورٹ کے مطابق کسٹم انٹیلجنس کی ٹیم نے ہفتہ اور اتوار کی درمیانی شب ایم اے جناح روڈ سے متصل بولٹن مارکیٹ کی قراط مارکیٹ میں خفیہ اطلاع پر چھاپا مارا۔ کارروائی کے دوران بڑی تعداد میں اسمگل شدہ سگریٹس، پرفیوم، چاکلیٹ، شیشہ فلیور سمیت دیگر غیر قانونی سامان برآمد کر لیا۔
کسٹم حکام کے مطابق قراط مارکیٹ کے تالے کاٹ کر مارکیٹ میں داخل ہونا پڑا کیونکہ وہاں غیرملکی اسمگل شدہ اشیاء کی موجودگی کی مصدقہ اطلاع تھی۔
کسٹم کی ٹیم جب تالے کاٹنے کے بعد دکانوں میں داخل ہوئی تو وہاں 90 فیصد غیر ملکی اسمگل شدہ سامان موجود پایا۔ تمام سامان کو کسٹم افسران کی نگرانی میں درجنوں بوریوں میں ڈال کر بورے سیل کر کے ٹرکوں کے ذریعے کسٹم کے متعلقہ آفس منتقل کیا گیا۔
کسٹم حکام کا کہنا ہے کہ پورے آپریشن میں سخت نگرانی کی گئی تاکہ سامان اٹھانے والے مزدور یا کوئی شخص دکانوں سے پاکستانی قانونی سامان یا وہاں دروازوں میں موجود رقم آگے پیچھے نہیں کریں۔
حکام کے مطابق کسٹمز انٹیلی جنس کراچی نے اسمگل شدہ سگریٹ کے خلاف ایک اور کارروائی کی اور یہ کارروائیاں مستقل جاری رہیں گی۔
ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ رات کی کارروائی کے دوران اسمگل شدہ سگریٹ کی تعداد لاکھوں میں ہے جبکہ دیگر غیر قانونی سامان بھی بڑی تعداد میں برآمد کیا گیا، ضبط کیے گئے اسمگل شدہ سگریٹس کی ابتدائی مالیت تقریباً 10 کروڑ روپے سے زائد ہے جبکہ دیگر سامان الگ ہے۔
کسٹم حکام کا کہنا تھا کہ جن دکانوں میں کارروائی کی گئی ہے انہیں 12 گھنٹے کا موقع دیا جائے گا تاکہ وہ اپنے سامان کی کسٹم ڈیوٹی ادا کرنے کے حوالے سے کوئی سرکاری دستاویزات دکھائیں اور اپنے سامان کو قانونی ثابت کریں تو ان کا سامان چھوڑ دیا جائے گا اور اگر ایسا نہیں کیا گیا تو چھاپے کا مقدمہ درج کر کے برآمد شدہ سامان کو بحق سرکار سیل کر دیا جائے گا۔