لاہور میں شاعرِ مشرق علامہ محمد اقبال کے مزار پر گارڈز کی تبدیلی کی پُروقار تقریب منعقد ہوئی۔ علامہ محمد اقبال کے 146ویں یومِ پیدائش پر آج پاک بحریہ کے دستے نے مزارِ اقبال کے اعزازی گارڈز کے فرائض سنبھال لیے۔
تقریب کے مہمانِ خصوصی اسٹیشن کمانڈر پاکستان نیوی لاہور کموڈور ساجد حسین نے سربراہ پاک بحریہ کی جانب سے مزارِ اقبال پر پھول چڑھائے۔ کموڈور ساجد حسین نے مزارِ اقبال پر فاتحہ خوانی کی اور مہمانوں کی کتاب میں تاثرات بھی قلم بند کیے۔
یومِ اقبال کے حوالے سے آج ملک بھر میں تقریبات بھی منعقد کی جا رہی ہیں۔ اس موقع پر حکومت نے ملک بھر میں عام تعطیل کا اعلان کر رکھا ہے۔ صدر مملکت سمیت متعدد رہنماؤں نے یوم اقبال پر خصوصی پیغامات دئے اور علامہ اقبال کو خراج عقیدت پیش کیا۔
صدرِ مملکت عارف علوی نے اقبال ڈے کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ برِصغیر کے عظیم مفکر، فلسفی، شاعر اور سیاسی رہنما کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہیں، پوری قوم علامہ اقبال کی علمی، فکری اور سیاسی خدمات کا اعتراف کرتی ہے۔
صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کا یومِ اقبال کے موقع پر پیغام۔#IqbalDay2023 pic.twitter.com/qhnWNtMFH6
— The President of Pakistan (@PresOfPakistan) November 9, 2023
صدرِ پاکستان کا کہنا ہے کہ علامہ اقبال نے اپنے کلام کے ذریعے مسلمانانِ برصغیر کو سیاسی جلا بخشی، قوم کو خوابِ غفلت سے جگایا اور اپنی تقدیر کا فیصلہ خود کرنے کا جذبہ بیدار کیا۔
ڈاکٹر عارف علوی کا یہ بھی کہنا ہے کہ علامہ اقبال نے نوجوانوں کو موضوع بنایا، خودی کا جذبہ اور عقابی روح بیدار کرنے کا سبق دیا، ان کا فلسفۂ خودی انقلابی حیثیت کا حامل ہے۔
وزیراعلی بلوچستان، گورنرخیبرپختونخوا، سمیت متعدد رہنماؤں اور سابق وزراء نے یوم اقبال کے موقع پر علامہ اقبال کو خراج عقیدت پیش کیا۔