جمعیت علمائے اسلام صوبہ سندھ کے سیکریٹری جنرل علامہ راشد محمود سومرو نے کہا ہے کہ سندھ مسائل کی آماجگاہ بن چکا ہے آئے روز بڑھتی لاقانونیت کے باعث امن وامان کی صورتحال مخدوش ہوچکی ہے، بدامنی،اغوا برائےتاوان،ریکارڈ کرپشن نے عوام کا جینا دوبھر کردیا ہے،ان حالات سے چھٹکارے کیلئے ہمیں فیصلہ کن کردار ادا کرنا ہوگا۔
علامہ راشد محمود سومرو نے ان خیالات کا اظہار بدھ کوکراچی کے تمام اضلاع اور پی ایسز کے امراء و نظماء عمومی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے علامہ راشد محمود سومرو کا کہنا تھا کہ جے یو آئی صوبے کی متبادل قیادت کےطورابھر کرآرہی ہے۔ ہم نےمغربی ایجنڈے کے بخیے ادھیڑ کر رکھ دیئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہم سندھ پر مسلط کالی بھیڑوں سے نجات دلانے کیلئے عوام کو جگانے کی مہم پر نکل چکے ہیں، سندھ کے عوام کواپنے حقوق کیلئے نکلنا ہوگا،22 اکتوبر سے 2 نومبر تک سندھ امن مارچ صوبے کے مستقبل کا تعین کرے گا، عوام سے اپیل ہے کہ وہ پندرہ برس سے صوبے پر مسلط کرپٹ حکمرانوں کا راستہ روکنے کیلئے جمعیت علمائے اسلام کا ساتھ دیں ۔
اجلاس میں صوبائی نائب امیر مولانا عبدالکریم عابد،قاری محمد عثمان،مولانا محمدغیاث،مولاناسمیع الحق سواتی ، مولانا امین اللہ ، مولاناحماد اللہ شاہ، شرف الدین اندھڑ، مولانافتح اللہ،مولانا نور الحق،مولانا احسان اللہ ٹکروی،مولانا زرین شاہ،سید اکبر شاہ ہاشمی،مفتی محمد خالد،قاری فیض الرحمن عابد،قاری نورالامین،فاروق سید حسن زئی، مولانا اجمل شیرازی، رئیس حبیب اندھڑ ودیگر بھی شریک ہوئے ۔