پاکستانی سپر اسٹار اداکارہ ماہرہ خان اپنے پرانے دوست اور کاروباری شخصیت سلیم کریم کے ساتھ شادی کے بندھن میں بندھ گئیں۔ دونوں کی شادی کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی اور ماہرہ خان کا نام ایکس پر ٹاپ ٹرینڈز میں شامل ہے۔
ماہرہ خان کی شادی کی تقریب اسلام آباد میں منعقد ہوگئی۔ اداکارہ کی شادی کی تقریب میں محدود تعداد میں قریبی دوست اور رشتہ دار شریک ہوئے۔
اداکارہ ماہرہ خان کی منیجر انوشے طلحہ خان کی جانب سے سوشل میڈیا پر جاری کی گئی تصاویر اور ویڈیوز میں دیکھا جا سکتا ہے کہ دلہن کے سفید جوڑے میں ملبوس اداکارہ اپنے شوہر کی جانب بڑھ رہی ہیں۔
اداکارہ اور سلیم کریم کی شادی کے مناظر سوشل میڈیا پر وائرل ہیں جس میں جوڑے کو جذباتی انداز میں ایک دوسرے کے ساتھ دیکھا جاسکتا ہے۔ اس موقع پر سلیم کریم کو آبدیدہ ہوتے بھی دیکھا جا سکتا ہے۔
View this post on Instagram
سوشل میڈیا پر اداکارہ کی شادی کی ویڈیوز وائرل ہوتے ہیں مداحوں نے ان کیلئے دعائیں اور نیک تمناؤں کا اظہار شروع کردیا ہے۔
اس سے قبل 2007 میں اداکارہ ماہرہ خان کی علی عسکری سے پہلی شادی ہوئی تھی تاہم 2015 میں جوڑے نے علیحدگی اختیار کرلی تھی ، پہلی شادی سے ماہرہ خان کا ایک 13 سالہ بیٹا ہے۔
اداکارہ ماہرہ خان بول، منٹو، ایکٹر ان لا، رئیس، ورنہ، سات دن محبت اِن جیسی فلموں میں کام کرچکی ہیں جبکہ حال ہی میں فلم دی لیجنڈ آف مولا جٹ میں ان کی جاندار اداکاری کو نہ صرف شائقین اور فینز بلکہ فلم ناقدین کی جانب سے بھی سراہا گیا تھا۔