کراچی میں تعینات متحدہ عرب امارات کے قونصل جنرل بخیت عتیق الرومیتی کا کہنا ہے کہ یو اے ای کے سرمایہ کاروں کو پاکستان میں فری ہینڈ ملے تو یہ ملک بھی دبئی جیسا نظر آئے گا۔
کراچی میں متحدہ عرب امارات کے قونصل خانے میں پاکستان کے جشن آزادی کی مناسبت سے تقریبات کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب سے خطاب میں یواے ای کے قونصل جنرل بخیت عتیق الرومیتی نے کہا کہ پاکستان اس وقت سیاسی و معاشی لحاظ سے انتہائی نازک دور سے گزر رہا ہے۔
قونصل جنرل کا کہنا تھا کہ وقت کا تقاضہ ہے پوری قوم اندرونی و بیرونی دشمنوں کی سازشوں کو ناکام بنانے کے لیے صرف اور صرف پاکستان کی خاطر ایک ہو جائے اور سب مل کر اس وطن کو مضبوط کریں۔
انڈپینڈنٹ اردو سے بات کرتے ہوئے بخیت عتیق الرومیتی کا کہنا تھا کہ یو اے ای سمیت دیگر عرب ممالک کے سرمایہ کاروں کے تجربے سے مستفید ہوکر پاکستان میں بہتر انداز میں کاروبار کیا جا سکتا ہے، اس سے دونوں ملکوں کے تعلقات میں بھی مزید بہتری آئے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ حال ہی میں قائم ہونے والی خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کا مقصد بھی خلیجی ممالک سے پاکستان کے لیے ممکنہ سرمایہ کاری میں آسانی لاتے ہوئے اس میں تیزی لانا ہے جب کہ اماراتی سرمایہ کاروں کی آمد سے پاکستانی عوام کو بھی فائدہ ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اگر ان سرمایہ کاروں کو یہاں کام کرنے کے لیے فری ہینڈ دے تو پاکستان میں بھی آپ کو وہی نظر آئے گا جو دبئی میں نظر آتا ہے۔