سابق سیکرٹری خارجہ جلیل عباس جیلانی وزیراعظم کے لیے مضبوط امیدوار بن گئے ہیں۔ جلیل عباس جیلانی کا نام پاکستان پیپلز پارٹی کی جانب سے تجویز کیا گیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق جلیل عباس جیلانی کے بارے میں قیاس آرائیاں ہیں کہ ان کا نام نگراں وزیراعظم کے لیے منظور کیے جانے کا قوی امکان ہے۔ جلیل عباس جیلانی نئی ذمہ داریوں کیلئے وزیراعظم ہاؤس پہنچ چکے ہیں۔
سابق پاکستانی سفارتکارعبدالباسط نے بھی دعویٰ کیا ہے کہ جلیل عباس جیلانی کو پاکستان کا نگران وزیراعظم نامزد کیا گیا ہے۔ عبدالباسط نے سوشل میڈیا پر جلیل عباس جیلانی کو نگراں وزیراعظم مقرر ہونے پر مبارکباد بھی دی ہے۔
Congratulations to Ambassador (R) Jalil Abbas Jilani on his appointment as caretaker Prime Minister of Pakistan. A proud moment for the Foreign Service of Pakistan.
— Abdul Basit (@abasitpak1) August 9, 2023
اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق سابق صدر آصف علی زرداری کی بیرون ملک سابق وزیر اعظم نواز شریف سے ملاقات کے دوران جلیل عباس جیلانی کا نام زیرِ غور آیا تھا۔
قانون میں بی اے اور دفاعی امور میں ماسٹر کی ڈگری رکھنے والے جلیل عباس جیلانی امریکا اور بھارت میں سفیر کی ذمے داری نبھا چکے ہیں۔
وہ پیشہ ور سفارت کار ہیں۔ بطور سیکریٹری خارجہ تعیناتی سے پہلے بیلجیئم، لکسمبرگ اور یورپی یونین میں پاکستان کے سفیر رہے اور سفارتی ذمے داریوں کے دوران برسلز میں نیٹو ہیڈکوارٹر کے ساتھ بھی مسلسل رابطے میں رہے۔ اس کے علاوہ جدہ اور لندن میں بھی تعینات رہے جبکہ کینبرا میں ہائی کمشنر کے عہدے پر بھی فائز رہ چکے ہیں۔