بھارت میں آئی فون خریدنے کیلئے والدین کے 8 ماہ کے بیٹے کو فروخت کرنے کا انکشاف ہوا ہے۔ پولیس نے والدین کو گرفتار کرلیا اور بچے کو بھی بازیاب کرالیا ہے۔
بھارت میں مغربی بنگال کے ضلع پرگناس میں رہائش پزیر ماں باپ نے آئی فون خریدنے کیلئے بیٹے کو فروخت کردیا۔ جے دیو اور انکی اہلیہ انسٹاگرام ریلیز بنانے کیلئے آئی فون خریدنے کے خواہش مند تھے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق اس بچے کے والدین کے ہاتھ میں پڑوسیوں نے آئی فون دیکھا، آئی فون دیکھنے پر پڑوسیوں کو شک گزرا اس کی وجہ ان کے حالات کی خرابی تھی ان کا مشکل سے گزارا ہوتا تھا۔
ان کو شک گزرا کے انہوں نے آئی فون کیسے لے لیا، جب ان سے پڑوسیوں نے بچے کی بابت پوچھا تو ان کا کہنا تھا کہ وہ ہمارے ایک رشتہ دار کے پاس ہے۔
شک گزرنے پر محلے داروں نے کونسلر کو بتایا جس نے فوری طور پر پولیس کو بلا لیا، جب پولیس نے بچے کے بارے میں تفتیش کی تو انہوں نے بچے کو بیچنے کا اعتراف کر لیا اور بتایا کہ انسٹاگرام ریلز بنانے کے لئے اس رقم سے آئی فون خرید لیا ہے، انہوں نے اپنا بچہ قریبی علاقے میں ایک خاتون کو بیچا تھا۔
پولیس نے دونوں کو گرفتار کر لیا ہے اور آٹھ ماہ کے بچے کو بھی بازیاب کرا لیا ہے، پولیس اس معاملے میں مزید تفتیش کر رہی ہے۔