ایڈیشنل آئی جی کراچی جاویدعالم اوڈھو نے پی ٹی آئی کے رکن سندھ اسمبلی اسلم ابڑو کے بھائی اکرم ابڑو کی ہلاکت میں ٹارگٹ کلنگ کا شبہ ظاہر کیا ہے۔
اے آئی جی کراچی جاویدعالم اوڈھو نے جناح اسپتال میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ڈیفنس فیز 7 میں گاڑی پر فائرنگ کا واقعہ صبح 11 بج کر 50 منٹ پر پیش آیا۔
جاوید عالم اوڈھو کا کہنا تھا کہ اکرم ابڑو اور ان کے ساتھی پانچ افراد گھر سے نکلے تھے۔ ابتدائی معلومات کے مطابق ان کو ٹارگٹ کیا گیا ہے۔ جائے وقوع سے 50 کے قریب خول ملے ہیں جسے فرانزک کے لئے بھیج دیا گیا ہے۔
جاویدعالم اوڈھو کے مطابق واقعہ میں بڑے اور چھوٹے ہتھیار کا استعمال کیا گیا۔ واقعہ میں اکرم ابڑو اور شہریار کی ہلاکت ہوئی۔ دو شدید زخمی ہیں جبکہ پانچواں ساتھی معمولی زخمی ہے۔
اے آئی جی کراچی کا کہنا تھا کہ ملزمان کی تلاش شروع کردی گئی ہے اور سی سی ٹی وی کیمروں سے مدد لی جارہی ہے، جاعہ وقوعہ کی جیو فینسگ بھی کی جارہی ہے اور اس سلسلے میں ڈی آئی جی ساؤتھ عرفان بلوچ کی سربراہی میں کیس کی تفتیش کے لئے ٹیم تشکیل دے دی گئی ہے۔
ٹیم میں ایس ایس پی ساؤتھ اسد رضا، ابریز عباسی، ایس ایس پی ایس آئی یو کے جنید شیخ شامل ہیں۔ بہت جلد اس مسئلے کی تہہ تک پہنچ جائیں گے۔ بظاہر لگتا ہے کہ ٹارگٹ کلنگ کا معاملہ ہے۔ جو سامنے بیٹھے تھے ان کو باقاعدہ ٹارگٹ کیا گیا ہے، واقعہ دہشتگردی کا نتیجہ نہیں ہے، معاملے کی ہر پہلو سے تحقیقات کر رہے ہیں۔