آئی سی سی کرکٹ ورلڈکپ میں پاکستان اور بھارت کے درمیان میچ کا جوش و خروش بڑھنے لگا ہے۔ بھارت میں پاک بھارت میچ کا اتنا جنون ہے کہ شائقین اسپتال میں بھی کمرے بک کرانے لگ گئے ہیں۔
ورلڈ کپ میں پاکستان اور بھارت کے درمیان میچ 15 اکتوبر کو احمد آباد کے نریندر مودی اسٹیڈیم میں شیڈول ہے جس کو دیکھنے کے لیے کرکٹ کے دیوانے اس قدر بے قرار ہیں اور وہ اس کے لیے اسپتالوں کے بیڈ تک کئی ماہ قبل بُک کرانے لگے ہیں۔
بھارتی میڈیا کے مطابق پاک بھارت کے بڑے مقابلے کے پیش نظر احمد آباد میں ہوٹلوں کے کرائے آسمان سے باتیں کر رہے ہیں اور اسٹارز ہوٹلز کے ساتھ عام ہوٹلز نے بھی اپنے کرایوں میں کئی گنا اضافہ کر دیا ہے۔
پاک بھارت میچ کے دوران ہوٹلز بکنگ کی معلومات میں بتایا گیا ہے کہ ہوٹلز کے ڈیلکس کمرے کی قیمت 5 ہزار 699 روپے سے بڑھ کر 71 ہزار 999 بھارتی روپے تک پہنچ گئی ہے جبکہ ایس جی ہائی وے پر واقع رینیسنس احمد آباد ہوٹل نے میچ کے روز کمرے کی بکنگ 8 ہزار سے بڑھا کر 90 ہزار 679 بھارتی روپے تک کر دی ہے۔
ہوٹلوں کے منہ مانگے داموں کرائے کے باعث عام شائقین کرکٹ کی پریشانیوں میں اضافہ ہوگیا جس کا انہوں نے انوکھا حل نکالا ہے اور شائقین کرکٹ نے اپنی فیملیز و دوستوں کے ساتھ مل کر اس سنسنی خیز مقابلے کو دیکھنے کے اسپتالوں کا رخ کرلیا ہے اور وہاں کمروں کی بکنگ کرا رہے ہیں کیونکہ وہاں کے کرائے ہوٹلوں کے کہیں کم ہیں۔
ہوٹل کی نسبت اسپتالوں میں ایک سے دو رات قیام کا کرایہ 3 ہزار روپے سے 25 ہزار روپے تک ہے۔ اس کے ساتھ ہی انہیں کھانا اور طبی معائنے کی سہولت بھی حاصل ہوگی۔
رپورٹ کے مطابق مقامی ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ لوگوں کی بڑی تعداد چیک کے بہانے اسپتالوں کا رخ کر رہی ہے اور مذکورہ تاریخ کے دوران کمروں کی بکنگ کی معلومات حاصل کر رہے ہیں۔
شائقین کرکٹ کا جوش وخروش دیکھتے ہوئے اسپتالوں کی انتظامیہ نے انہیں یہ سہولت دینے کا فیصلہ کیا ہے اور اب پاک بھارت میچ پر مریضوں کے علاج کے ساتھ انہیں میچ سے پہلے ایک رات تک قیام کی بھی اجازت ہوگی۔