بجلی کے بلوں میں اب ٹی وی کے ساتھ ریڈیو فیس بھی وصول کی جائے گی۔ حکومت نے بجلی کے بلوں میں ٹی وی کے ساتھ ریڈیو فیس عائد کرنے کا بھی فیصلہ کیا ہے۔
جیو نیوز کی رپورٹ کے مطابق سینیٹر سلیم مانڈوی والا کی زیر صدارت سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ کا اجلاس ہوا جس میں وزارت خزانہ کے حکام نے بتایا کہ بجلی بلوں میں ٹی وی فیس کے ساتھ ریڈیو فیس بھی شامل ہوگی۔
وزارت خزانہ کے مطابق بجلی کے بل میں 35 روپے ٹی وی اور 15 روپے ریڈیو فیس عائد ہوگی، یہ سفارش سینیٹ کمیٹی نے کی تھی جس پر کام کیا گیا ہے۔
حکام نے کہا کہ اداروں کی نجکاری کا معاملہ پالیسی سے متعلق ہے ، نقصان میں جانے والے اداروں کی نجکاری کی سفارش کی تھی جس کے لیے وزارت خزانہ کو خزانہ کمیٹی کی 55 سفارشات موصول ہوئی تھیں۔
واضح رہے کہ نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری تھارٹی (نیپرا) نے عالمی مالیاتی ادارے ( آئی ایم ایف ) کے معاہدے کی شرائط پر مکمل عملدر آمد کرتے ہوئے بجلی کے بنیادی ٹیرف میں 4 روپے 96 پیسے فی یونٹ اضافہ کیا ہے اور بجلی صارفین پر نئی قیمتوں کا اطلاق یکم جولائی سے ہوگیا ہے۔