نئے ہجری سال کے آغاز کے ساتھ یکم محرم کو نیا غلاف کعبہ تبدیل کیا جائیگا۔ غلاف کعبہ کی تبدیلی کے لیے تیاریوں کا آغاز کردیا گیا۔ کسوہ فیکٹری میں نیا غلاف کعبہ بھی تیار کرلیا گیا۔
کسوہ فیکٹری کی انتظامیہ کے مطابق غلاف کعبہ کی تیاری کیلئے 670 کلو ریشم استعمال کیا گیا ہے۔ فیکٹری کا کہنا ہے کہ غلاف کعبہ میں 120 کلوگرام سونا اور 100 کلوگرام چاندی کا بھی استعمال استعمال کیا گیا ہے۔
غلاف کعبہ کی تبدیلی کے لیے 15 افراد کو فنی تربیت بھی فراہم کی گئی ان میں غلاف تیار کرنے والی فیکٹری کے انجینئرز اور فنی شعبے کے ماہرین شامل ہیں۔
سعودی خبررساں ادارے کے مطابق شاہ عبدالعزیز کمپلیکس میں شعبہ فنی امورکے نگران انجینئرسلطان القرشی نے غلاف کعبہ کی منتقلی کےلیے استعمال ہونے والی بجلی کی گاڑیوں اوردیگر مشنری جن میں لفٹرز وغیرہ شامل ہیں کا جائزہ لیا۔
مساعد الرئيس العام لشؤون مجمع الملك عبد العزيز لكسوة الكعبة المشرفة يتابع ميدانياً استعدادات استبدال ثوب الكعبة المشرفةhttps://t.co/85mNVe5Fd1#رئاسة_شؤون_الحرمين pic.twitter.com/nRY8RBGLPp
— رئاسة شؤون الحرمين (@ReasahAlharmain) July 15, 2023
غلاف کعبہ کومسجد الحرام کے بیرونی دروازے سے مطاف تک پہنچانے کے لیے مخصوص راستے کا بھی تعین کیا گیا۔ غلاف کعبہ کووہاں تک لانا اوراس کے بعد کعبہ کی چاروں سمتوں میں غلاف کو لفٹر کے ذریعے بلند کرکے اسے کعبہ کی چھت تک لے جانے کے مراحل پر تفصیلی غور کیا گیا۔
واضح رہے کہ غلاف کعبہ تبدیلی کے تمام عمل کے دوران ہر ایک حصے کو علیحدہ علیحدہ کعبہ کے بالائی حصے پر لایا جاتا ہے جہاں سے پھر انہیں اتارا جاتا ہے اور پچھلا غلاف اتار لیا جاتا ہے۔ یہ عمل چار مرتبہ باری باری دہرایا جاتا ہے جب تک کہ نیا غلاف چڑھا نہ دیا جائے اور پرانا اتر نہ جائے۔
گزشتہ سال سے خانہ کعبہ کا غلاف یکم محرم کو تبدیل کیا جاتا ہے جبکہ اس سے قبل 9 ذی الحجہ کو ہر سال اس وقت تبدیل کیا جاتا تھا جب عازمین میدان عرفات میں وقوف کیلئے جمع ہوتے تھے اور مسجد الحرام میں زائرین کی تعداد نہ ہونے کے برابر ہوتی تھی۔