بحیرہ عرب میں موجود سمندری طوفان بپرجوائے انتہائی شدید سمندری طوفان میں تبدیل ہوچکا ہے۔ سمندری طوفان کے باعث کراچی میں بھی آندھی اور موسلادھار بارشوں کا امکان ہے۔
طوفان کے خطرے کے پیش نظر کمشنر کراچی محمداقبال میمن نے تمام متعلقہ حلقوں کو الرٹ رہنے کا حکم دے دیا۔ شہرقائد میں دفعہ 144 بھی نافذ کی جاچکی ہے۔
کمشنر کراچی نے شہر میں لگے تمام خطرناک بل بورڈ، سائن بورڈ اور اشتہائی مواد ہٹانے کا حکم دے دیا ہے۔ کمشنر کراچی نے شہر بھر میں تمام کمزور درختوں کی کٹائی کی بھی ہدایت دی ہے۔
کمشنر کراچی محمداقبال میمن نے کراچی میونسپل کارپوریشن (کے ایم سی)، کنٹونمنٹ بورڈ اور تمام میونسپل کمشنرز کو خط لکھ کر ہدایات جاری کی ہیں۔ فیصلے پر عملدرآمد کیلئے تمام اضلاع کے ڈپٹی کمشنر کو بھی پابند کیا گیا ہے۔
واضح رہے سمندری طوفان اس وقت کراچی سے 770 کلومیٹر دور جنوب میں موجود ہے جسکی سمت شمال مشرق کی جانب سے ہے۔ طوفان کے زیراثر بدھ کی شام سے کراچی میں تیز آندھی اور موسلادھار بارشوں کا امکان ہے۔