بحیرہ عرب میں رواں سال کا پہلا سمندری طوفان تشکیل پاچکا ہے جسکی شدت میں اضافہ ہورہا ہے۔ محکمہ موسمیات نے طوفان سے متعلق تیسرا الرٹ جاری کردیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے الرٹ کے مطابق سمندری طوفان بیپرجوائے گزشتہ 12 گھنٹوں کے دوران مسلسل شمال کی سمت میں بڑھ رہا ہے اور اسکے وقت کراچی سے 1 ہزار 340 کلومیٹر دور موجود ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق طوفان کے مرکز کے گردہواؤں کی رفتار 90 سے 100اور کبھی 120 کلو میٹر فی گھنٹا ہے جب کہ طوفان آج شام یا رات مزید شدت اختیارکرلےگا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق سمندری طوفان کی شدت میں اضافہ ہورہا ہے اور امکان ہے کہ اسکی شدت میں مزید اضافہ ہوگا اور سمندری طوفان شدید سمندری طوفان میں تبدیل ہوجائے گا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق سمندری طوفان سے کراچی سمیت پاکستان کے کسی بھی ساحلی علاقے کو کوئی خطرہ نہیں ہے۔ محکمہ موسمیات کا سائیکلون وارننگ سینٹر سسٹم طوفان کو مانیٹر کررہا ہے۔
واضح رہے اس طوفان کا نام بپرجوائے رکھا گیا ہے جو بنگلہ دیش کا تجویز کردہ ہے۔ بحیرہ عرب اور خلیج بنگال میں آنے والے طوفانوں کے نام پاکستان، بھارت، سری لنکا، بنگلہ دیش، مالدیپ، میانمار، عمان، قطر، سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، یمن اور تھائی لینڈ رکھتے ہیں