ملتان میں تحریک انصاف حقیقی بنانے کا اعلان کر دیا گیا، راؤ یاسر نے پریس کانفرنس کے دوران پی ٹی آئی حقیقی کے قیام کا اعلان کیا۔
راؤ یاسر نے ملتان میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ بہت جلد پی ٹی آئی حقیقی کو رجسٹرڈ کراؤں گا۔ نشان الاٹ کراکے انتخابی مہم کا اعلان کروں گا۔ پارلیمنٹ میں نوجوان قیادت جائے گی اور ملک کو ترقی کی طرف گامزن کرے گی۔
پی ٹی آئی حقیقی کے قیام کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ راؤ یاسر نے کہا کہ نے اپنے نوجوان اور قائدین کو اکٹھا کرکے پاکستان تحریک انصاف حقیقی بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔
آج یوم شہداء کی مناسبت سے ہم یہ اعلان کرتے ہیں کہ مخلص اور ایماندار لوگوں کو ساتھ لیکر چلیں گے جو ملک و قوم کی ترقی میں ہمارا ساتھ دیں گے۔
چیئرمین پی ٹی آئی حقیقی نے کہا کہ عمران خان کے یوٹرن نے ملک کو اس صورتحال پر کھڑا کیا ہے،ریاست ہے تو سیاست ہے۔ راؤ یاسر نے کہا کہ عمران خان کو بشریٰ بی بی کی جانب سے غلط گائیڈ کیاگیا، پاکستا ن اس وقت نازک دور سے گزر رہا ہے۔
راؤ یاسر نے کہا کہ عمران خان کی جانب سے موجودہ وقت میں ایسے حالات پیدا کیے گئے کہ نوجوان بہک کر ان حساس اداروں کو نشانہ بناتے رہے جو ہماری پہچان اور ہمارے محافظ ہیں۔
راؤ یاسر نے مزید کہا کہ جو گزشتہ 75 سال میں ہمارا دشمن بھی نہیں کرسکا وہ ہمارے اپنے لوگوں نے کردیا، ان تمام واقعات کے ذمے دار لوگوں کی ہم کڑی مذمت کرتے ہیں اور انہیں کیفر کردار تک پہنچانے کا مطالبہ کرتے ہیں۔