کراچی میں جرائم پیشہ افراد نے مسجد کے نابینا موذن کو بھی نہ بخشا۔ مسجد میں ایک ملزم نے نابینا موذن سے دھوکے سے موبائل فون لے کر فرار ہوگیا۔
تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے گلستانِ جوہر کے بلاک ون میں نابینا مؤذن سے ملزم موبائل فون دھوکے سے لیکر فرار ہو گیا، ملزم نے آن لائن ایپ سے مؤذن کے اکاؤنٹ سے 35 ہزار روپے بھی نکلوا لیے۔
متاثرہ مؤذن نے گلستانِ جوہر تھانے میں درخواست جمع کرا دی ہے۔ مؤذن نے واقعے کی تفصیل بتاتے ہوئے کہا ہے کہ 2 روز قبل عصر کے وقت ایک شخص میرے پاس آیا، مجھےاس شخص نے کہا کہ اپنا موبائل فون دو میں آپ کی نعت ریکارڈ کروں گا۔
مؤذن نے بتایا کہ مذکورہ نامعلوم شخص میرا 1 لاکھ 60 ہزار روپے مالیت کا موبائل فون لے کر فرار ہو گیا۔ متاثرہ نابینا مؤذن نے یہ بھی بتایا ہے کہ ملزم نے میرے موبائل فون میں موجود اکاؤنٹ کی ایپ سے 35 ہزار روپے بھی نکال لیے ہیں۔
واقعے کی سی سی ٹی فوٹج بھی سامنے آچکی ہے۔ ویڈیو میں ملزم کو مسجد میں آتے، نابینا مؤذن سے نعت سنتے، پھر موبائل لے کر مسجد سے باہر نکلتے اور موٹر سائیکل پر سوار ہو کر فرار ہوتے دیکھا جا سکتا ہے۔