ایم کیوایم الطاف حسین کی نہیں عظیم طارق کی ہے، خالد مقبول صدیقی

متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیوایم) پاکستان کے کنوینئر خالد مقبول صدیقی کا کہنا ہے کہ ایم کیوایم کی بنیاد مرحوم عظیم طارق نے رکھی تھی۔ ایم کیوایم الطاف حسین کی نہیں عظیم طارق کی ہے۔

گزشتہ ہفتے متحدہ قومی موومنٹ کے بانی سربراہان میں شامل عظیم احمد طارق کی برسی کے موقع پر ہونے والی دعائیہ تقریب سے خطاب میں خالد مقبول صدیقی نے مرحوم رہنما کو خراج عقیدت پیش کیا۔

خالد مقبول صدیقی کا کہنا تھا کہ عظیم طارق اگر آج ہمارے ساتھ ہوتے تو ہماری راویات، ہماری اقدار، ہماری تہذیب بھی ساتھ ہوتیں۔ عظیم احمد طارق کا ایک ایک لمحہ، انکی زبان، انکی گفتگو سب ہماری لئے تعلیم اور تربیت تھی۔ 

خالد مقبول صدیقی نے مزید کہا کہ کئی تاریخی مظالطے رفتہ رفتہ دور ہورہے ہیں اور آج اس موقع پر تاریخ کے کچھ مغالطے دور کرنے کی ضرورت ہے۔ 3 فروری 1981 کو اسلامی جمعیت طلبہ نے جبر اور طاقت کے زور پر آل پاکستان مہاجر اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن (اے پی ایم ایس او) کے کراچی کے تمام تعلیمی اداروں سے باہر کردیا تھا۔

یہ وہ وقت تھا جب اے پی ایم ایس او تقسیم ہوگئی اور لوگ مایوس ہوگئی اور مایوسی اس حد تک پھیلی کہ تحریک کی بنیاد کے دعویدار بھی مایوس ہوگئے۔ خالد مقبول صدیقی نے بتایا کہ جب پوری تحریک یتیم اور مایوس تھی اس وقت عظیم طارق نے اے پی ایم ایس او کو سنبھالا اور پوری نئی لیڈرشپ دی۔

عظیم طارق نے پھر 18 مارچ 1984 کو متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیوایم) کی بنیاد رکھی۔ اس تنظیم کا نام بھی عظیم احمد طارق کا دیا ہوا تھا لیکن یہ انکی شرافت تھی کہ انہوں نے کبھی نہیں کہا کہ انہوں نے ایم کیوایم بنائی بلکہ ہمیشہ یہی کہاکہ اے پی ایم ایس او نے ایم کیوایم بنائی۔

خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ آج کا دن ہمارے لئے شرمندگی اور اعتراف جرم کا دن ہے کہ ہم 30 سالوں میں عظیم طارق کی 30 برسیاں بھی نہیں مناسکے۔ شروع میں کچھ سال ضرور منائی لیکن پھر بھول گئے اب 2015 سے ہر سال تواتر سے منارہے ہیں۔

ایم کیوایم پاکستان کے کنوینئر نے کہا کہ عظیم طارق کو یاد رکھنا بہت ضروری ہے۔ جوں جوں وقت گزر رہا ہے انکے ساتھی کم ہوتے جارہے ہیں۔ آج اگر وہ ہوتے تو یہ ہمارے اندر جو خود پسندی، خود ستائیس اور ایک دوسرے سے جو مقابلہ ہورہا ہے، لوگ ایم کیوایم رہ کر مفادات کی جنگ کررہے ہیں اسکا وجود تک نہ ہوتا۔

خالدمقبول صدیقی نے کہا کہ جو شخص آج اپنی فکر کررہا ہے وہ تنظیمی کفر کررہا ہے۔ کچھ ہو یہی تنظیم، یہی تحریک آج کے حالات میں ہمارے لئے کشتی نوح ہے۔ یہ ایم کیوایم عظیم طارق کی یاد میں ایک یادگار بنائے گی اور انہیں ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

خالد مقبول صدیقی کا کہنا تھا کہ آج کے دن سب کو عزم کرنا چاہئے کہ عظیم طارق کا ذکر کریں کیونکہ جس نے انہیں بھلادیا اس نے جدوجہد کو بھلادیا۔ ایم کیوایم کسی رجسٹریشن، کسی بلڈنگ یا محظ سیاسی جماعت کا نام نہیں ہے۔ خالدمقبول صدیقی نے کہا کہ میں اور آپ ایم کیوایم ہیں اور جیسے میں اور آپ ہوں گے ویسی ہی ایم کیوایم ہوگی۔

Spread the love
جواب دیں
Related Posts