کراچی کے مختلف علاقوں میں بارش سے موسم خوشگوار، مطلع ابرآلود

پاکستان کے سب سے بڑے شہر کراچی میں آج صبح سے چھائی ہوئی کالی گھٹائیں برس پڑیں۔ شہر کے مختلف علاقوں میں کہیں ہلکی اور کہیں تیز بارش ہوئی۔

کراچی میں بلدیہ ٹاؤن، حسن اسکوائر، گلشن اقبال، گلستان جوہر، فیڈرل بی ایریا، عائشہ منزل اور کریم آباد کے علاقوں میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش ہوئی۔

شہرقائد میں بادل برسنے سے موسم خوشگوار ہوگیا۔ کراچی شہر کا مطلع مجموعی طور پر ابرآلود ہے۔ چھٹی کے دن شہریوں کی بڑی تعداد موسم سے لطف اندوز ہونے باہر نکل آئی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں آج زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 31 سے 33 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے، مجموعی طور پر شہر کا موسم خوشگوار رہے گا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق آج وقفے وقفے سے شہر میں کہیں ہلکی اور کہیں تیز بارش ہوسکتی ہے۔  بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے یکم مئی تک جاری رہنے کا امکان ہے۔

گزشتہ روز کراچی میں سرجانی اور اورنگی ٹاون سمیت مختلف علاقوں میں بادل برسے۔ فیڈرل بی ایریا، لیاقت آباد، عزیز آباد اور گلشن اقبال سمیت شہر کے مختلف علاقوں میں بھی بارش ہوئی۔

محکمہ موسمیات کے مطابق حیدر آباد، سکھر، لاڑکانہ، میرپور خاص میں بھی بارشوں کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ ٹھٹھہ، بدین، دادو، سانگھڑ اور خیرپور میں بھی بادل برسیں گے۔

خیال رہے کہ اقوام متحدہ کے ‘گلوبل انفارمیشن ارلی وارننگ سسٹم’ کی رپورٹ کے مطابق پاکستان میں اس سال بھی شدید بارشوں اور سیلاب کا خطرہ ظاہر کیا گیا ہے۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ پاکستان شدید بارشوں کے خطرات کا سامنا کرنے والے 20 ممالک میں شامل ہے۔ مختلف ملکوں میں جون میں شدید بارشوں اور سیلاب سے غذائی قلت کا خدشہ ہے۔

 

Spread the love
جواب دیں
Related Posts