شہرقائد میں پولیس نے گٹکا بنانے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن شروع کردیا۔ شہر بھر میں گٹکا بنانے والے مقامات پر پولیس کی جانب سے کاروائی کی جارہی ہے۔
تفصیلات کے مطابق ایسٹ تھانہ سہراب گوٹھ پولیس نے ایس پی سہراب گوٹھ ڈویژن محمد شعیب میمن کے زیر نگرانی مضر صحت گٹکا کے کارخانے پر چھاپہ مارا جس کے نتیجے میں لاکھوں کی مالیت اور بھاری مقدار میں گٹکا، ماوا اور چھالیہ برآمد ہوئیں۔
ترجمان ضلع ایسٹ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان نے ایک ہفتہ قبل مضر صحت گٹکا ماوا بنانے کے لئے کارخانہ لگایا تھا۔ ایس ایچ او سہراب گوٹھ زبیر نواز نے خفیہ اطلاع ملنے پر گٹکا بنانے والوں کے خلاف چھاپہ مار کاروائی کی۔
ترجمان ضلع ایسٹ پولیس نے بتایا کہ موقع سے بھاری مقدار 278 کلو چھالیہ اور 58 کلو گٹکا وماوا برآمد ہوا جبکہ ڈرم، ٹپ، بالٹیاں، شاپر و دیگر گٹکا بنانے والا مٹیریل بھی برآمد ہوا۔
پولیس نے بتایا کہ گرفتار ملزم کی شناخت خان گل کے نام سے ہوئی ہے اور گرفتار ملزم کے دیگر 3 ساتھی ملزمان موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے جبکہ ملزمان کے خلاف گٹکا وماوا ایکٹ کے تحت مقدمہ قائم کیا گیا۔
ترجمان ضلع ایسٹ پولیس نے مزید بتایا کہ گرفتار ملزم کا سابقہ رکارڈ معلوم کیا جارہا ہے اور مزید تفتیش کے لئے شعبہ تفتیش حکام کے حوالے کردیا گیا ہے۔