کراچی میں پولیس کی تحویل سے ملزم فرار، 2 اہلکار معطل

شہر قائد میں ایک جانب جہاں اسٹریٹ کرائم کی وارداتوں میں اضافہ ہورہا ہے وہیں پولیس نہ صرف جرائم پیشہ افراد کو لگام ڈالنے میں ناکام نظرآتی ہے وہیں گرفتار ہونے والے ملزمان بھی سزا پانے سے پہلے ہی فرار ہوجاتے ہیں۔

 

کراچی میں پولیس کی تحویل سے مختلف جرائم میں ملوث ایک اور ملزم کے فرار ہونے کا واقعہ سامنے آیا ہے۔ رزنامہ جنگ کی رپورٹ کے مطابق اے وی ایل سی پولیس کی تحویل سے سنگین جرائم میں ملوث ملزم فرار ہوگیا۔

 

کراچی میں شاہ لطیف پولیس نے گرفتاری کے بعد ملزم کو اینٹی وہیکل لفٹنگ سیل (اے وی ایل سی) کے حوالے کیا تھا۔ ملزم کے خلاف متعدد مقدمات درج ہیں جن میں قتل، اقدام قتل، موٹرسائیکل لفٹنگ سمیت دیگر شامل ہیں۔

 

 ملزم ناصر ہزارہ کو عدالت میں پیش کیا جانا تھا، لیکن عدالت میں پیش کرنے سے پہلے ہی ملزم پولیس کی حراست سے فرار ہوگیا۔

 

ملزم کے فرار کے واقعے کے بعد ایس ایس پی اے وی ایل سی نے سخت ایکشن لیتے ہوئے انچارج جاوید ابڑو اور اے ایس آئی کو معطل کردیا، واقعے کی مزید تحقیقات شروع کردی گئی ہے۔

 

واضح رہے چند ہفتوں قبل بھی کراچی میں پولیس کی حراست سے دو ملزمان کے فرار ہونے کا واقعہ پیش آیا تھا جہاں ملزم لاک اپ کا تالا توڑ کر فرار ہوگئے تھے۔

Spread the love
جواب دیں
Related Posts