کراچی میں پاور ہاؤس کے قریب کچرا کنڈی کے قیام سے متعلق دائر کی گئی درخواست کی سندھ ہائی کورٹ میں سماعت ہوئی۔ عدالت نے رہائشی علاقے میں کچرا کنڈی کے قیام پر سخت برہمی کا اظہار کیا۔
درخواست گزار کے وکیل نےعدالت کو بتایا کہ پاور ہاؤس نارتھ کراچی میں رہائشی آبادی کے قریب کچرا کنڈی بنادی گئی ہے۔ کچرا کنڈی بنانے سے پورے علاقے میں تعفن پھیل رہا ہے۔ کچرے میں آگ بھی لگا دی جاتی ہے جس سے لوگوں کا گھروں میں رہنا محال ہوگیا ہے۔
درخواست گزار نے عدالت سے استدعا کی کہ رہائشی علاقے سے کچرا کنڈی ختم کرنے کا حکم دیا جائے۔ جس پر عدالت نے سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کراچی میں کچرا کنڈی کے قیام کے طریقہ کار کی تمام تفصیلات طلب کرلیں۔
عدالت نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ حکام سے کہا کہ کوئی ایس او پی تو ہوگی، کچرا اٹھاتا کون ہے؟ کراچی کا کچرا ٹھکانے کون لگاتا ہے، کوئی تو طریقہ اپنایا جاتا ہوگا؟ رفاعی پلاٹ پر کچرا کنڈی بنادی گئی؟ کچھ تو بتایا جائے؟
جسٹس حسن اظہر رضوی نے کچرا کے لیے مختص زمین اور قیام کا طریقہ کار طلب کرتے ہوئے سالڈ ویسٹ مینیجمنٹ بورڈ، ڈی ایم سی سینٹرل اور دیگر سے 15 روز میں رپورٹ طلب کرلی۔