پاکستان سپرلیگ سیون کے میچز نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلے جارہے ہیں۔ لیگ کا پہلا مرحلہ 7 فروری کو مکمل ہوجائے گا جس کے بعد پی ایس ایل لاہور منتقل ہوجائے گی۔ جہاں 10 فروری سے لیگ مرحلہ کے باقی میچز کے ساتھ پلے آف میچز اور فائنل بھی کھیلاجائے گا۔
پاکستان کرکٹ بورڈ پی ایس ایل کے لاہور میں شیڈول میچز کیلئے تماشائیوں کی تعداد بڑھنے کے لئے پرامید ہے۔ ذرائع کے مطابق پی سی بی حکام نے نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر اور حکومتی اداروں سے بھی رابطہ کرلیا ہے اور تماشائیوں کی تعداد 50 فیصد کرنے کی درخواست کی ہے۔
لاہور میں پی ایس ایل میچز کے لئے تماشائیوں کی تعداد کا فیصلہ ایک سے دو روز میں متوقع ہے۔ لاہور میں اس وقت کورونا کے مثبت کیسز کی شرح 12.69 فیصد ہے۔
واضح رہے کراچی میں کھیلے جارہے میچز میں این سی او سی نے صرف 25 فیصد تماشائیوں کو اسٹیڈیم میں داخلہ کی اجازت دی تھی جس میں 12 سال سے کم عمر بچوں کا اسٹیڈیم داخلہ ممنوع قرار دیا گیا تھا۔