Search
Close this search box.

افواج پاکستان کو سیاسی لڑائی سے دور رکھیں، ایاز صادق

جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن نے لاہور میں سابق اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق سے ملاقات کی، جس میں دونوں رہنماؤں نے ملکی سیاسی صورتحال اور پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کے آئندہ کے لائحہ عمل پر گفتگو کی۔

ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ایاز صادق نے کہا کہ ہم سب محب وطن پاکستانی ہیں، نہ مجھے حق ہے کہ میں کسی کو غدار کہوں اور نہ کسی اور کو حق ہے کہ وہ مجھے غدار کہے۔

ایاز صادق کا کہنا تھا کہ ہندوستان اپنے ناپاک عزائم میں کبھی بھی کامیاب نہیں ہو سکے گا، سیاسی سوچ مختلف ہو سکتی ہے لیکن جہاں پاکستان کی بات آتی ہے تو پوری پاکستانی قوم یکجا ہے ۔ان کا کہنا تھا کہ میری بات پر اختلاف ہو سکتا ہے مگر سیاسی بات کو جو رنگ دینے کی کوشش کی گئی اس سے پاکستان کے بیانیے کو فائدہ نہیں ہوا بلکہ اس سے سلیکٹڈ حکومت نے ہندوستان میں جو بیانیہ بنانے کی ناکام کوشش کی جا رہی تھی اس کو تقویت دینے کی کوشش کی۔

ایاز صادق نے مزید کہا کہ میں نے اس نالائق حکومت کے بارے میں یہ ضرور کہنا چاہوں گا کہ آپ نے جو لڑائی لڑنی ہے وہ ضرور لڑیں، افواج پاکستان کو اس لڑائی سے باہر رکھیں، آج لاہور میں جو بینر اور پوسٹر لگے یہ پاکستان کے مؤقف کی کوئی خدمت نہیں ہے، یہ آپ نے ہندوستان کے میڈیا کے ہاتھوں میں کھیل کے پاکستان کے ساتھ انصاف نہیں کیا۔

اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتےہوئے مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ موجودہ حکمران ملک کے لئےرسک بن چکے ہیں۔ملکی بقا کا سوال ہے، ناجائز حکومتیں ہم پر مسلط نہ کی جائیں، ملکی سیاست میں مداخلت نہ کی جائے، آئین کے مطابق ملک کو چلایا جائے۔

انہوں نے کہا کہ میں نے ایسی حکومت نہیں دیکھی جو خود اپوزیشن کو اشتعال دلاتی ہے، ہمیشہ اپوزیشن اشتعال کی طرف جاتی ہے اور حکومت اس کو اعتدال پر لانے کی کوشش کرتی ہے تاکہ بحران پیدا نہ ہو لیکن یہاں تو بحران پیدا کیے جاتے ہیں۔

جمعیت علمائے اسلام (ف) کے قائد نے کہا کہ پی ڈی ایم کو توڑنے کی سازش کراچی میں ہوئی لیکن پی ڈی ایم کی جماعتوں نے اپنی بھرپور حکمت عملی سے اسے ناکام بنایا ہے اور ہم شیڈول کے مطابق اپنا پروگرام جاری رکھیں گے۔

حکومت کب تک اپنے گھٹنے ٹیک دی گی اس حوالے سے سوال کے جواب میں مولانا فضل الرحمٰن نے کہا کہ حکومت تو نہیں ہے۔

جواب دیں

Subscribe To Our Mailing List

Get the news right to your inbox

Subscription Form Footer Style-2

کمپنی کے بارے میں

مقبول زمرے

فوری رابطے

اقسام

رابطہ کی معلومات

ہمیں فالو کریں