ہتھنی نورجہاں کی حالت تشویشناک، تمام نان ٹیکنیکل اسٹاف کے چڑیا گھر میں داخلے پر پابندی

کراچی چڑیا گھر میں موجود ہتھنی نور جہاں کی طبیعت بدستور خراب ہے۔ چڑیا گھر کی انتظامیہ نے نان ٹیکنیکل اسٹاف کے چڑیا گھر میں داخلے پر پابندی عائد کر دی۔

جیو نیوز کی رپورٹ کے مطابق انتظامیہ نے کہا کہ چڑیا گھر میں داخلے پر پابندی فورپاز کی ٹیم کی ہدایت پر ایڈمنسٹریٹر کراچی نے لگائی ہے، جب تک ہتھنی کی طبیعت میں بہتری نہیں آتی پابندی برقرار رہے گی۔

چڑیا گھر کی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ فورپاز کے مطابق نان ٹیکنیکل اسٹاف کی وجہ سے رش لگ جاتا ہے، رش سے کام کرنے میں دشواری اور ہتھنی بھی پریشان ہوتی ہے۔

انتظامیہ نے کہا کہ تمام نان ٹیکنیکل اسٹاف کے زو میں داخلے پر پابندی ہے۔ میڈیا کے نمائندوں کو بھی چڑیا گھر میں داخلے کی اجازت نہیں ہوگی۔

دوسری جانب فور پاز کے بین الاقوامی ڈاکٹرز نے انسٹاگرام پر نور جہاں ہتھنی کی ویڈیو شئیر کی ہے، جس کے کیپشن میں اس کی صحت کے حوالے سے یہ انکشاف کیا گیا ہے کہ ’فور پاز کی مقامی ٹیم کی مسلسل نگرانی اور کوششوں کے باوجود نور جہاں کی صحت میں بہتری نہیں آ رہی ہے۔

بین الاقوامی ڈاکٹرز کے مطابق کئی کوششوں کے باوجود ہتھنی خود سے پیروں پر کھڑا ہونے سے قاصر ہے، اس کی حالت تشویش ناک اور غیر یقینی ہے۔

پوسٹ میں لکھا گیا ہے کہ بین الاقوامی اور قومی ماہرین اور جانوروں کے ڈاکٹروں کی ایک فوری کمیٹی مشورہ دے گی کہ نور جہاں کے مستقبل کو کیسے آگے بڑھایا جائے، فیلڈ پر موجود ٹیم اس کی تکلیف کو کم کرنے کے لیے ہر ممکن کوشش کر رہی ہے، اور ہم اس کوشش میں شامل ہر فرد کی تعریف کرتے ہیں۔

ڈاکٹرز نے لکھا پچھلے دورے پر افریقی ہاتھیوں کو موزوں گھر میں منتقل کرنے کا مشورہ دیا گیا تھا جس پر عمل نہیں کیا گیا، موجودہ صورت حال کے ساتھ ہم صحت مند ہاتھی مدھوبالا کی فوری منتقلی کا مطالبہ کرتے ہیں، کیوں کہ مناسب دیکھ بھال نہ ہونے کی وجہ سے ایک اور بڑا نقصان ہو سکتا ہے۔

فور پاز نے پاکستان کے ہاتھیوں کے اچھے مستقبل کی امید ظاہر کی اور کہا کہ وہ اس مقصد کے لیے کام جاری رکھیں گے۔

Spread the love
جواب دیں
Related Posts