کراچی پولیس آفس (کے پی او) پر حملے سے متعلق تفتیش جاری ہے۔ حملے میں سیکیورٹی میں کوتاہی کا انکشاف ہوا ہے جبکہ وزیراعظم نے حملے میں شہید ہونے والوں کیلئے شہداء پیکج کا بھی اعلان کیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق کراچی پولیس آفس سے ملحقہ پولیس لائن صدرکوارٹرز میں داخلےکا کوئی سکیورٹی گیٹ نہیں ہے۔ کراچی پولیس آفس پر حملہ کرنے والے دہشت گرد مبینہ طور پر عقبی دیوار سے کود کر اندر داخل ہوئے۔
کراچی پولیس آفس پر حملے کے وقت اطراف میں قائم پولیس کی تین چوکیاں خالی تھیں۔ پولیس لائن کوارٹرز کے داخلی اور خارجی راستے پر سیکیورٹی کے انتظامات نہیں تھے۔ کے پی او کی مرکزی شاہراہ پر سی سی ٹی وی کیمرا نہیں ہے۔
پولیس لائن میں 150 کوارٹر میں پولیس اہلکاروں کے اہلخانہ رہائش پذیر ہیں۔ پولیس لائن کوارٹر میں سی سی ٹی وی وی کیمرے نہیں تھے ۔
پولیس کا کہنا ہے کہ واقعہ کی تحقیقات جاری ہیں۔ دہشتگرد جس گاڑی میں آئے وہ صدر تھانے میں موجود ہے جس سے شواہد حاصل کرلیے گئے ہیں۔
ڈپٹی انسپکٹر جنرل (ڈی آئی جی) ایسٹ مقدس حیدر نے بتایا کہ حملے میں 3 دہشت گرد ہلاک ہوئے، ایک دہشت گردچوتھی منزل پر اور 2 چھت پر ہلاک ہوئے۔ انہوں نے بتایا کہ ہلاک دہشت گردوں میں سے ایک نے خودکو دھماکے سے اڑایا۔
جیو نیوز کی رپورٹ کے مطابق کراچی پولیس آفس پر حملہ کرنے والے تینوں دہشت گردوں کی شناخت ہوگئی ہے۔ خودکش دھماکا کرنے والا دہشت گرد زالا نور شمالی وزیر ستان سے تعلق رکھتا تھا جب کہ سکیورٹی فورسز سے مقابلے میں مارا گیا دہشت گرد کفایت اللہ لکی مروت کا رہائشی تھا۔ تیسرے دہشت گرد مجید کا تعلق شمالی وزیرستان کے علاقے دتہ خیل سے ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کراچی پولیس آفس پر دہشتگردوں کے خلاف کامیاب آپریشن پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا اور شہید 2 پولیس، ایک رینجر اہلکار اور ایک سویلین کے اہل خانہ سے اظہار ہمدردی بھی کی جب کہ آپریشن میں جام شہادت نوش کرنے والوں کو شہدا پیکج دینے کا اعلان کیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ تینوں افواج، رینجرز، پولیس سمیت مشترکہ آپریشن میں شریک تمام فورسز کو خراج تحسین کرتا ہوں، ایک گھنٹے طویل آپریشن میں فورسز نے پیشہ ورانہ مہارت اور مستعدی کا مظاہرہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ آپریشنل تیاری، پولیس کی استعداد میں اضافے پر فوری توجہ دینا ہوگی، دہشتگردی کا ناسور ختم کرنے کے لیے پوری ریاستی قوت اور اشتراک عمل کو بروئے کار لانا ہوگا۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز کراچی پولیس آفس ( کے پی او ) پر ہونے والے حملے میں رینجرز اور پولیس اہلکاروں سمیت 4 افراد شہید اور 19 زخمی ہوگئے تھے جبکہ 3 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا گیا تھا۔