سیکریٹری کالج ایجوکیشن سندھ عبدالعلیم لاشاری نے ڈائریکٹر جنرل کالجز سندھ ڈاکٹر محمد علی مانجھی کے ہمراہ کراچی میں تاریخی ڈی جے سندھ گورنمنٹ سائنس کالج کا دورہ کیا۔
ایکسپریس نیوز کی رپورٹ کے مطابق سیکریٹری ایجوکیشن سندھ عبدالعلیم لاشاری نے کالج میں صفائی کے ناقص انتظامات کا نوٹس لیتے ہوئے فوری طور پر صفائی کے انتظامات کرنے کا حکم دیا۔
سیکریٹری ایجوکیشن اور ڈی جی کالجز سندھ نے دورے کے دوران کالج کے مختلف کلاس رومز، لیبارٹریز اور جمنازیم کا دورہ کیا۔ کالج کی نئی اور پرانی عمارتوں کے دورے کے دوران صفائی کے ناقص انتظامات پر برہمی کا اظہار کیا۔ انہوں نے صفائی کے مناسب انتظامات نہ ہونے کا نوٹس لیتے ہوئے فوری طور پر صفائی کے انتظامات کرنے کا حکم دیا۔
سیکریٹری کالج ایجوکیشن سندھ عبدالعلیم لاشاری نے ڈائریکٹر جنرل کالجز ڈاکٹر محمد علی مانجھی کو ہدایت کی کہ وہ ڈی جے سائنس کالج کراچی میں کم انرولمنٹ کے معاملے پر تفصیلی بریفنگ دیں۔
انہوں نے کالج کے طلباء سے ملاقات کی اور کالج کے تعلیمی ماحول کے بارے میں تبادلہ خیال کیا۔ انہوں نے ایجوکیشن ورکس ڈیپارٹمنٹ کے انجینئرز کو ہدایت کی کہ وہ کالج کے ایم اینڈ آر کام مکمل کریں۔