Search
Close this search box.

نیشنل گرڈ میں خرابی، کراچی سمیت ملک کے مختلف شہروں میں بجلی کا بڑا بریک ڈاؤن

کراچی سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں بجلی کے بڑے بریک ڈاؤن کے باعث متعدد علاقوں میں بجلی بند ہوگئی ہے۔ بجلی کا بریک ڈاؤن آج صبح ساڑھے بجے قریب ہوا اور ملک کے مختلف بجلی فراہم کرنے والے یونٹ ایک ایک کرکے ٹرپ کرگئے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق بجلی کا تعطل نیشنل گرڈ میں خلل کے باعث آیا ہے۔ نیشنل گرڈ میں خلل پیدا ہونے سے 6 ہزار میگا واٹ بجلی سسٹم سے نکل گئی ہے۔

کراچی میں کینپ نیو کلیئر پلانٹ کی بجلی بھی سسٹم سے نکل گئی ہے، بجلی بحال کرنے کے لیے آپریشن جاری ہے۔ کراچی میں بجلی کا بریک ڈاؤن حبکو جامشورو ٹرانسمیشن لائن کی ٹرپنگ کی وجہ سے ہوا، جس کے باعث کے الیکٹرک کے تمام فیڈرز بند ہوگئے ہیں۔

ترجمان کے الیکٹرک کا کہنا ہے کہ بجلی بندش کی وجوہات کی تحقیقات کے ساتھ ٹیمز بحالی کے لئے متحرک ہیں جبکہ صارفین مزید رہنمائی کے لئے کے الیکٹرک کے سوشل میڈیا پلیٹ فارم سے رابطہ کرسکتے ہیں۔

کراچی میں راشد منہاس روڈ، گلشنِ جمال، ڈالمیا روڈ، گلستانِ جوہر،گلشنِ اقبال، ڈیفنس ہاؤسنگ اتھارٹی، پی ای سی ایچ سوسائٹی، لیاقت آباد سی ون ایریا، فیڈرل بی ایریا بلاک 13، 12، 11، نارتھ کراچی، یوپی موڑ، ناگن چورنگی میں بجلی کی فراہمی معطل ہوئی ہے۔

لانڈھی، کورنگی، شاہ فیصل کالونی، ملیر، پی ای سی ایچ ایس، بفر زون، ناظم آباد بلاک 4 اور 3، کھارادر، لیاری، اولڈ سٹی ایریا، ملیر ہالٹ اور رفاعِ عام میں بھی بجلی بند ہے۔

وزارتِ توانائی نے جاری کیے گئے اعلامیے کے ذریعے بتایا ہے کہ مُلک کے جنوبی ٹرانسمیشن سسٹم میں حادثاتی خرابی ہوئی ہے۔ وزارتِ توانائی کا کہنا ہے کہ اس حادثاتی خرابی کے باعث متعدد جنوبی پاور پلانٹس مرحلہ وار ٹرِپ ہو رہے ہیں۔

پاور پلانٹس ٹرپ ہونے سے مُلک کے جنوبی حصے میں بجلی کی ترسیل میں رکاوٹ آ رہی ہے۔ اعلامیے میں وزارتِ توانائی نے مزید بتایا ہے کہ وزارتِ توانائی پوری تندہی سے خرابی کی وجہ کی تفتیش کر رہی ہے۔

بریک ڈاؤن کی وجہ سے ملتان اور بہاولنگر سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں بجلی کی فراہمی معطل ہو گئی۔ میرپور، منگلا پاور ہاؤس میں تکنیکی خرابی جبکہ کوٹلی ریجن بھی بجلی کی ترسیل معطل ہوگئی ہے۔

جواب دیں

اقسام

رابطہ کی معلومات

ہمیں فالو کریں