وفاقی وزیرخزانہ اسحاق ڈار نے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان پر تنقید کے ساتھ اپنی ہی جماعت کے سابق وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل کو بھی آڑے ہاتھوں لے لیا۔ اسحاق ڈار کا کہنا ہے کہ کسی کو پریشان ہونے کی ضرورت نہیں۔
وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار کے مطابق ڈالر کی اصل قدر200 روپے سے کم ہے اور آئندہ دنوں میں وہ ڈالر 200 روپے سے کم کرکے دکھائیں گے۔
جیو نیوز کے پروگرام کیپٹل ٹاک میں حامد میر کو انٹرویو میں اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ عمران خان کے دور میں سٹہ بازوں اورہنڈی والوں کوکھلی چھوٹ ملی ہوئی تھی لیکن اب ایسا نہیں چلے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ پیٹرول پرلیوی بڑھا کر عوام پر مزید بوجھ نہیں ڈال سکتے تھے، آئی ایم ایف کو ڈیل کرلوں گا،مفتاح اسماعیل یا کسی کو پریشان ہونےکی ضرورت نہیں ۔
اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ انہیں آئی ایم ایف ڈیل کرنے کا تجربہ ہے، وہ ماضی میں بھی آئی ایم ایف کو ڈیل کرچکے ہیں اور اس بار بھی کرسکتے ہیں۔
اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ اِس وقت ڈالربین الاقوامی طور پر مضبوط ہے لیکن اپنی پالیسیوں کے تحت ڈالر کو 200 روپے سےکم پرلائیں گے۔
واضح رہے کہ ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر میں اضافے کا سلسلہ جاری ہے اور انٹر بینک میں آج ڈالر ایک روپے 79 پیسے سستا ہوکر 225 روپے 50 پیسے کا ہوگیا ہے۔