پاکستان میں رواں سال معمول سے زیادہ مون سون کی بارشوں اور اسکے بعد آنے والے سیلاب نے ملک کے بیشتر حصوں میں تباہی مچادی۔ سیلاب متاثرین کی مدد کے لئے پاکستان سافٹ وئیر ہاؤسز ایسوسی ایشن بھی پیش پیش ہے۔
پاکستان سافٹ وئیر ہاؤسز ایسوسی ایشن نے بحران کے اس وقت میں سیلاب متاثرین کی مدد کے لئے الخدمت فاؤنڈیشن کے ساتھ ہاتھ ملایا ہے اور انہیں ڈیڑھ کروڑ روپے کا عطیہ دینے کے ساتھ مذید تعاون کی بھی یقین دہانی کرائی ہے۔
آئی ٹی کمپنیوں کی جانب سے دئے گئے عطیات سے الخدمت فاؤنڈیشن امدادی سامان کی ترسیل کو یقینی بنائے گی۔ ان عطیات سے سیلاب متاثرین کو جو سامان دیا جائے گا ان میں واٹر پروف خیمے، چادریں، پینے کا صاف پانی، خشک کھانے کی اشیاء، جیسے کھانے کے لیے تیار کالے چنے، کھجور اور بسکٹ، پیک شدہ دودھ اور جوس شامل ہے۔
مختلف عمر کے بچوں کے لیے فارمولا دودھ، سلے ہوئے یا پہننے کے لیے تیار کپڑے، پلاسٹک کے جوتے، حفظان صحت کی مصنوعات، باہر سیلاب کی وجہ سے گھروں میں پھنسے لوگوں کے لیے خام کھانے کی اشیاء جیسے چاول، آٹا اور دالیں،بوڑھوں، بیماروں، ماؤں اور بچوں کے لیے طبی سامان اور مویشیوں کے لیے خشک چارہ بھی سامان میں شامل ہے۔
پاکستان سافٹ ہاؤسز ایسوسی ایشن کے کے چیئرمین بدر خوشنود کا کہنا ہے کہ دو ہفتے قبل اپنی ممبر کمپنیوں سے ایک اپیل جاری کی کہ وہ دل کھول کر عطیہ کریں اور وقت کی اس ضرورت میں فعال طور پر حصہ ڈالیں۔ 20 لاکھ بچوں کے علاوہ نصف ملین سے زیادہ حاملہ خواتین کو خوراک کی ضرورت ہے۔ بوڑھے، بیمار، حاملہ ماؤں اور بچوں کو فوری طبی امداد اور انسانی امداد کی ضرورت ہے۔
سیکریٹری جنرل حرا زیب کے مطابق قابل بھروسہ این جی اوز کے ساتھ شراکت داری کی ہے تاکہ آئی ٹی کمپنیاں اپنے طور پر سیلاب سے متعلق امدادی سرگرمیوں میں حصہ لیں۔
حرا زیب کا کہنا تھا کہ پاکستان سافٹ وئیر ہاؤسز ایسوسی ایشن صنعت کے تمام رہنماؤں کے شکر گزار ہیں جو آگے آئے اور اب تک 15 ملین سے زیادہ عطیہ کر چکے ہیں۔ ابتدائی تخمینہ 10 ملین عطیہ کرنے کا تھا، لیکن کمپنیوں کی فراخدلی مدد، ہمدردانہ اور انسانی ہمدردی کے ردعمل کی وجہ سے، اب امید ہے کہ عطیات 50 ملین سے تجاوز کر سکتے ہیں۔