طوفان بپرجوائے کے اثرات کراچی پہنچنا شروع، آج گرد آلود ہوائیں چلنے اور بارش کا امکان

بحیرہ عرب میں موجود سمندری طوفان کی شدت میں گزشتہ 12 گھنٹوں کے دوران معمولی کمی آئی ہے تاہم اب بھی طوفان شدت کے ساتھ شمال اور شمال مغرب کی جانب بڑھ رہا ہے۔

سمندری طوفان بپرجوائے کراچی سے 470 کلومیٹر دور جنوب میں موجود ہے اور طوفان کے مرکز میں 140 سے 150 کلومیٹر جبکہ طوفان کے اطراف میں 170 کلومیٹر کی رفتار سے ہوائیں چل رہی یں۔ آج سے کراچی سمیت سندھ کی ساحلی پٹی پر طوفان کے اثرات نمایاں ہونے شروع ہوجائیں گے۔

سمندری طوفان بپرجوائے کے پیش نظر آج سے کراچی میں بارش کا سلسلہ شروع ہونے کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں آج 60 سے 80 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے گردوغبار والی ہوائیں چلیں گی جبکہ گرج چمک کے ساتھ بارش کا بھی امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی کے چند مقامات پر موسلادھار بارش بھی ہوسکتی ہے۔ کراچی سمیت حیدرآباد، ٹنڈو محمد خان، ٹنڈو اللہ یار خان، شہید بے نظیر آباد، اور ضلع سانگھڑ میں بارش کا سلسلہ 16 جون تک جاری رہ سکتا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں طوفان کے پیش نظر آج صبح سے شدید گرمی ہے اور صبح کے اوقات میں ہی درجہ حرارت 34 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا۔ کراچی میں آج درجہ حرارت 40 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ سکتا ہے جبکہ محسوس کیا جانے والا درجہ حرارت 42 سے 46 ڈگری سینٹی گریڈ تک ہوگا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق طوفان کے اثرات سب سے زیادہ ٹھٹہ، سجاول، بدین، تھرپارکر، میرپورخاص اور عمرکوٹ ڈسٹرکٹ میں ہوں گے جہاں آج 80 سے 100 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے گردآلود ہوائیں چلیں گی اور ان شہروں میں طوفانی بارشیں متوقع ہیں۔

Spread the love
جواب دیں
Related Posts