شہرقائد میں خلیج بنگال سے آنے والے ہوا کے کم دباؤ کے زیر اثر وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ کراچی کے مختلف علاقوں میں کہیں ہلکی تو کہیں تیز بارش ہورہی ہے۔ بارش کا یہ سلسلہ کل تک جاری رہنے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق اس وقت کراچی شہر میں مغرب سے چلنے والی ہواؤں کی رفتار 14کلو میٹرفی گھنٹہ ہے اور 24 گھنٹوں کے دوران مطلع ابر آلود رہنے اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔
چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز کا کہنا ہے کہ کراچی کے مختلف علاقوں میں آج دن بھر وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری رہے گا۔ تیز بارش کا یہ اسپیل کل تک جاری رہنے کا امکان ہے جسکے بعد مون سون کا یہ سسٹم ختم ہوجائے گا۔
سندھ میں تیز بارشوں کے باعث محکمہ تعلیم سندھ نے صوبے کے تعلیمی اداروں میں آج اور جمعرات کو عام تعطیل کا اعلان کیا ہے۔
سندھ بھر میں تمام سرکاری اور نجی تعلیمی ادارے دو روز کیلئے بند رہیں گے جبکہ جامعہ کراچی اور انٹر میڈیٹ کے بدھ اور جمعرات کے روز ہونے والے امتحانات بھی ملتوی کر دیئے گئے ہیں۔
محکمہ موسمیات کے مطابق ستمبر کے مہینے میں بھی ایک سے دو مون سون کے سسٹم اثر انداز ہوسکتے ہیں لیکن اس سے متعلق حتمی پیشینگوئی صورتحال واضح ہونے کے بعد جاری کی جائے گی۔