کراچی میں نیشنل ہائی وے لنک روڈ پر کاٹھور کے قریب میمن گوٹھ کے مقام پر ملیر ندی میں ڈوب کر لاپتہ ہونے والی گاڑی کو نکال لیا گیا۔ کار میں سوار7 افراد تاحال لاپتہ ہیں جنکی تلاش کا کام جاری ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ایدھی کے رضا کاروں نے ڈوبنے والی گاڑی کو ریلے سے نکال لیا، لیکن گاڑی میں سوار فیملی کی تلاش کا کام جاری ہے۔ ابتدائی معلومات کے مطابق لاپتا اہل خانہ کا تعلق حیدرآباد سے ہے، جو کراچی سے اپنی منزل کیجانب رواں دواں تھی۔
سیلابی ریلہ کراچی سے حیدر آباد جانے والے کار کو بہا کر ملیر ندی میں لے گیا۔ کراچی پولیس کو گزشتہ شام فیملی سمیت کار ڈوبنے کی اطلاع ملی۔ پانی کی سطح بہت زیادہ ہونے کے باعث ریسکیو آپریشن ممکن نہ ہوسکا۔
رات گئے رکنے والا آپریشن صبح دوبارہ شروع کیا گیا تو ملیر ندی میں ڈوبنے والی کار تو مل گئی لیکن کار سوار 7 افراد کا کچھ پتہ نہ چل سکا۔
جائے حادثہ پر پہنچنے والے کار سوار افراد کے اہل خانہ نے بتایا کہ کار میں فیملی کے7 افراد سوار تھے۔ کار میں خواتین اور بچے بھی موجود تھے۔ تمام افراد کا گزشتہ روز سے رابطہ منقطع ہے۔
ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ گاڑی کو تباہ حالت میں نکال لیا گیا ہے اور لاپتا افراد کی تلاش جاری ہے۔ بارشوں کے بعد کورنگی کاز وے روڈ ٹریفک کے لیے تاحال بند ہے۔ میمن گوٹھ کے قریب ملیر ندی پر بنے ریزروائر کی دیوار سے کئی فٹ اوپر سے پانی گزر رہا ہے۔