پاکستان تحریک انصاف کے رہنما حلیم عادل شیخ ایک بار پھر مشکل میں پڑگئے۔ محکمہ انسداد تجاوزات نے عدالت سے ضمانت منسوخ ہونے پر حلیم عادل شیخ کو حراست میں لے لیا۔
کراچی میں اینٹی انکروچمنٹ ٹریبونل میں اپوزیشن لیڈر سندھ اسمبلی اور پاکستان تحریک انصاف کے رہنما حلیم عادل شیخ کے خلاف کیس کی سماعت ہوئی۔
اینٹی انکروچمنٹ کے حکام کا کہنا ہے کہ حلیم عادل شیخ پر سرکاری زمین پر قبضے کا الزام ہے، ملزم حلیم عادل شیخ تحقیقات میں شامل نہیں ہو رہے۔
اینٹی انکروچمنٹ حکام نے کہا کہ 12 نوٹسز کے باوجود حلیم عادل شیخ تعاون نہیں کررہے اور ایک بار بھی وہ بیان ریکارڈ کرانے نہیں آئے۔
محکمہ انسداد تجاوزات نے حلیم عادل شیخ کی ضمانت منسوخ کرنے کی اپیل کی جسے ٹریبونل نے منظور کرلیا۔ ضمانت منسوخ ہونے پر اینٹی انکروچمنٹ یونٹ نے حلیم عادل شیخ کو تحویل میں لے کر اپنے مرکز منتقل کردیا۔