Karachi
Current weather
Humidity-
Wind direction-

لاہور سے کراچی آنے والی بس کو موٹروے پر خطرناک حادثہ، 20 مسافر جاں بحق

لاہور سے کراچی آنے والی بس موٹروے ایم 5 پر بہاولپور کے قریب خطرناک حادثے کاشکار ہوئی۔ حادثے میں 20 مسافر جاں بحق ہوگئے جبکہ 6 افراد زخمی ہیں۔

موٹروے ایم 5 پر بہاولپور کے قریب ڈائیوو کمپنی کی سلیپر بس کو حادثہ ہوا۔ موٹروے حکام کے مطابق ملتان سکھر موٹروے پر ڈائیوو سلیپر بس تیز رفتاری کے دوران ایک آئل ٹینکر سے ٹکرا گئی۔ 

ترجمان موٹروے پولیس کے مطابق تصادم کے نتیجے میں آئل ٹینکر اور بس کو آگ لگ گئی جس نے چند لمحوں میں ہی آئل ٹینکر اور بس کو مکمل طور پر اپنی لپیٹ میں لے لیا۔

حادثے کی اطلاع ملتے ہی موٹروے پولیس کے افسران فوری موقع پر پہنچ گئے۔ مقامی پولیس اور ریسکیو 1122 کی ٹیمیں بھی موقع پر موجود تھیں۔ آگ اس قدر شدید اور خوفناک تھی کہ دور سے دکھائی دے رہی تھی۔

ترجمان موٹروے کے مطابق جلتی ہوئی گاڑیوں سے بیشتر مسافروں کو زندہ نکالا گیا اور انہیں فوری طور پر قریبی اسپتالوں میں منتقل کیا گیا۔ امدادی ٹیموں کو آگ بجھانے میں کئی گھنٹے لگے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق کمپنی ذرائع کا کہنا ہے بس میں دو ڈرائیور سوار تھے جبکہ مسافروں کی تعداد 24 تھی۔ جن میں سے دو مسافروں نے حیدرآباد اترنا تھا جبکہ 22 مسافروں نے کراچی جانا تھا۔

جیو نیوز کی رپورٹ کے مطابق حادثے میں جاں بحق ہونے والے مسافروں کے نام سامنے آنا شروع ہوگئے ہیں۔ لاہور سے ڈائیوو بس سروس کمپنی ذرائع کے مطابق تین افراد انس شاہد اور اشرف کے ٹکٹ ایک ساتھ بُک کرائے گئے تھے۔

اس کے علاوہ عدیل اور شاہد کے نام پر تین تین ٹکٹ بُک ہیں۔ ایک مسافر شاہد یعقوب کے نام پر چار ٹکٹ بُک کرائے گئے۔ حاشر احمد، حسن اور عبدالنافع کے نام پر دو دو ٹکٹ بُک کرائے گئے۔

کمپنی ذرائع کے مطابق نوید اشرف، محمد عرفان، زاہد، محمد مدثر، محمداحمد اور ریاض کے نام پر بھی ایک ایک ٹکٹ بُک ہے۔ سلیپر بس کے 22 مسافروں نے لاہور سے کراچی پہنچنا تھا جبکہ دو مسافروں عثمان اور رئیس نے حیدر آباد اترنا تھا۔

 

Share this news

Follow Times of Karachi on Google News and explore your favorite content more quickly!
جواب دیں
Related Posts