مون سون کے چوتھے اسپیل کے زیر اثر شہر قائد میں وقفے وقفے سے بارشوں کا سلسلہ جاری ہے۔ گزشتہ رات بھر آسمان سے پانی برسنے کے بعد بارش کا سلسلہ تھما ہے لیکن محکمہ موسمیات نے آج مذید بارش کی پیشگوئی کی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق سمندر میں موجود ہوا کا کم دباؤ ڈپریشن میں تبدیل ہوچکا ہے جو کراچی سے 450 کلومیٹر دور ہے۔ اگلے 24 گھنٹوں کے دوران ڈپریشن کی شدت میں کمی متوقع ہے لیکن اسکے زیر اثر کراچی میں بارش کا سلسلہ جاری رہے گا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق بحیرہ عرب میں موجود ڈپریشن سے پاکستان کے کسی بھی ساحلی مقام کو کوئی خطرہ نہیں ہے لیکن ڈپریشن کے نتیجے میں مون سون کی ہوائیں کراچی سمیت سندھ کے مختلف علاقوں میں داخل ہورہی ہیں۔
مون سون کی ہواؤں کے باعث کراچی میں آج اور کل بھی وقفے وقفے سے کہیں ہلکی اور کہیں تیز بارش کا سلسلہ جاری رہے گا جبکہ چند مقامات پر موسلادھار بارش بھی ہوسکتی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق موجودہ سسٹم کے تحت کل رات تک بارشیں جاری رہیں گی جسکے بعد یہ سسٹم ختم ہوجائے گا لیکن 16 اگست سے ایک اور سسٹم شہر کو متاثر کرے گا۔
محکمہ موسمیات نے بتایا ہے کہ کراچی میں 16 اگست کی دوپہر سے ایک اور ہوا کا کم دباؤ اثر انداز ہونا شروع ہوگا جس سے کراچی میں بہت زیادہ شدت کی موسلادھار بارشوں کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق بارشوں کا سلسلہ 18 یا 19 اگست کی دوپہر تک جاری رہنے کا امکان ہے، شہر میں نشیبی علاقے زیر آب آنے کا خدشہ ہے جبکہ چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز نے متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت کی ہے۔