Close Button
Karachi
Current weather
Humidity-
Wind direction-

جامعہ کراچی میں عمارتوں کی خستہ حالی اور کرنٹ لگنے کے واقعات پر اساتذہ کا کلاسز کا بائیکاٹ

جامعہ کراچی میں عمارتوں کی خستہ حالی اور ٹیچرز کو کرنٹ لگنے کے متعدد واقعات رونما ہونے کے باوجود انتظامیہ کی جانب سے ایکشن نہ لینے پر اساتذہ سراپا احتجاج ہوگئے۔ اساتذہ نے انتظامیہ کی عدم توجہی پر سیمسٹر کلاسز نہ لینے کا اعلان کردیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق جامعہ کراچی میں انفرااسٹریکچر بدترین زبوحالی سے دوچار ہوچکا ہے اور عمارتوں کی خستہ حالی کے سبب چھتوں کے گرنے اور ٹیچر کو کرنٹ لگنے کے متعدد واقعات رونما ہونے کے باوجود انتظامیہ نے کوئی توجہ نہیں دی۔

جامعہ کراچی کے شعبہ بائیو کیمسٹری کے اساتذہ نے انتظامیہ کی جانب سے کوئی ایکشن نہ لینے پر سیمسٹر کلاسز کا بائیکاٹ کردیا ہے۔ 

رپورٹ کے مطابق بائیکاٹ سے متعلق ایک جانب بیچلرز اور ماسٹرز کے طلباء و طالبات کو آگاہ کردیا گیا ہے تو دوسری جانب شعبہ کے تمام اساتذہ نے مشترکہ طور پر ایک خط چیئرپرسن ڈاکٹر فرحت بتول کے حوالے کیا ہے اور شعبہ میں تعمیر و مرمت نہ ہونے تک تدریسی عمل کا بائیکاٹ جاری رکھنے کا اعلان کیا ہے۔

جامعہ کراچی کے اساتذہ نے مؤقف اپنایا کہ ہم اپنے اور طلبہ کی زندگیوں کو مزید خطرے میں نہیں ڈال سکتے، انجمن اساتذہ جامعہ کراچی کے صدر پروفیسر شاہ علی القدر کا کہنا تھا کہ صرف بائیو کیمسٹری شعبہ میں ہی نہیں بلکہ پوری یونیورسٹی کی یہی صورتحال ہے۔

ایکسپریس کی رپورٹ کے مطابق قائم مقام وائس چانسلر جامعہ کراچی پروفیسر ڈاکٹر ناصرہ خاتون نے اپنے دورے کے موقع پر یہ واضح کردیا تھا کہ یونیورسٹی کے پاس تعمیر و مرمت کے لیے پیسے نہیں ہیں اساتذہ کو چاہیے کہ اپنی المنائی اور ایسے صاحب ثروت افراد جو تعلیم پر خرچ کرنا چاہتے ہیں ان سے رابطہ کیا جائے۔

یاد رہے کہ جامعہ کراچی کی قائم مقام وائس چانسلر کے دورے کے باوجود اب تک شعبہ کی صورتحال جوں کی توں ہے اور ایک ہفتے سے اساتذہ تدریسی بائیکاٹ پر ہیں اس دوران شعبہ بائیو کیمسٹری کے طلباء و طالبات کلاسز کی جانب آتے ہیں کچھ وقت گزارتے ہیں اور واپس چلے جاتے ہیں۔

 

Share this news

Follow Times of Karachi on Google News and explore your favorite content more quickly!
جواب دیں
Related Posts